مولانا خادم حسین رضوی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی،لاکھوں افراد کی شرکت

لاہور(سٹیٹ ویوز) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک لاہور میں ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ لاہور میں مینار پاکستان پر ادا کی گئی۔ نماز جنازہ ان کے استاد علامہ ستار سعیدی نے پڑھائی، عقیدت مندوں کی بڑی تعداد ان کی نمازجنازہ میں شریک ہونے پہنچی۔

مرحوم خادم حسین رضوی کی تدفین مسجد رحمت اللعالمین بیٹری اسٹاپ ملتان روڈ میں ہوگی۔جنازہ کی جگہ پر صبح سے ہی لوگوں کی آمد شروع ہوگئی، جب کہ جنازے کے روٹ پر بھی لوگوں کی بڑی تعداد صبح سے موجود ہے۔

سکیورٹی کے پیش نظر آزادی پل کے اطراف سڑک کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ ینار پاکستان گراؤنڈ لاہور میں انتظامات مکمل کر لئے گئے، غم سے نڈھال کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں، 03 ایس پیز، 14 ڈی ایس پیز، 31 ایس ایچ اوز، 116 اَپر سب آرڈینیٹس فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

علامہ خادم حسین رضوی کے قریبی ساتھی صاحبزادہ بشیر احمد یوسفی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے واپسی پر ان کی طبعیت خرابی ہوئی تھی، سانس لینے میں دشواری اور بخار بھی تھا، شیخ زید اسپتال میں چیک اپ کروایا گیا مگر طبعیت نہ سنبھل سکی تھی۔

ٹی ایل پی کے سربراہ ایک ٹریفک حادثے میں معذور ہوگئے تھے، جس کے بعد سے وہ وہیل چیئر استعمال کرتے تھے۔وہ 22 جون 1966ء کو ضلع اٹک کے علاقے نکہ توت میں پیدا ہوئے۔سال 1993ء میں وہ محکمہ اوقاف کے خطیب بھی رہے۔ انہوں نے سوگواران میں 2 بیٹے اور 4 بیٹیاں چھوڑے ہیں۔

علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں