جج ارشد ملک جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کرگئے ، مریم نواز

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم کو جانا ہے اور جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر ضمیر کا بوجھ ہلکا کرگئے۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ، جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے ، اللہ نے انہیں توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کرگئے اور بتا گئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لیے بلیک میل کرکے استعمال کیا ۔

مریم نواز نے اپنی دوسری ٹویٹ میں لکھا کہ اللہ ارشد ملک صاحب کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے ، یہ ان لوگوں کے لیے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار اور طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں ، مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے ، اللہ ظالم کے ساتھ نہیں ، ظالم برباد ہوکررہے گا، یہ اللہ کا نظام ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ارشد ملک اپنے اعتراف اورانکشاف کے ڈیڑھ سال بعد فوت ہوئے ، ڈیڑھ سال میں نواز شریف کو انصاف نا ملنے کا ذمہ دار کون ہے ؟ جس کیس میں نواز شریف کو اشتہا ری دلانے کی جلدی تھی اس کیس کی سزا سنانے والے جج کے اعتراف پر کوئی ایک دن بھی سماعت کیوں نہیں ہوئی ؟

اپنا تبصرہ بھیجیں