مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے ناپاک قدم کوئی کشمیری برداشت نہیں کرسکتا،مشتاق منہاس

باغ(سٹیٹ ویوز)مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات،سیاحت،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوے مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کی اور ناجائز قبضہ کیا۔بھارتی فوج کے ناپاک قدم مقبوضہ کشمیر میں کوئی کشمیری برداشت نہیں کر رسکتا۔

کشمیری بھارتی فوج کے ناجائز قبضے کے خلاف اسوقت بھی سراپا احتجاج تھے اور وہ اب بھی بھارت کے جابرانہ قبضے کو نہیں مانتے۔5 اگست کے اقدامات کے ذریعے بھارت نے کشمیریوں کو ایک مرتبہ پھر دھوکہ دیا۔

وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اسوقت بھی بھارتی فوج نے نہتے کشمیری عوام کا محاصرہ کر رکھا ہے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو کچلا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ رویے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں پر مظالم بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں جن کے درمیان یہ مسئلہ نہایت اہمیت کا حامل ہے یہ ایسی چنگاری ہے جو کسی بھی وقت بھڑک سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو یاد رکھنا چاہیے کہ دو جوہری قوتوں کے درمیان تصادم دنیا کے لیے خطرناک ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پوری دنیا میں بھارت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں کیونکہ بھارت نے ان کا حق خودارادیت صلب کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے جس نے ہر آڑے وقت میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور مشائخ عظام کشمیر پر یک زبان ہو کر آگے بڑھیں تاکہ اس اہم مسئلے کو حل کرنے کیلیے دنیا کی توجہ حاصل کی جا سکے۔

انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیر پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو عالمی امن خطرے میں رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں