بارواں تاچک سواری مرکزی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کاشکار،گہرے گڑھے حادثات کاسبب بننے لگے

چک سواری(نمائندہ خصوصی)بارواں تاچک سواری مرکزی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کاشکار،گہرے گڑھے گاڑیوں کوناکارہ بنانے سمیت حادثات کاسبب بننے لگے،محکمہ شاہرات سمیت میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے بھی اس مسئلہ بارے چُپ سادھ لی،

حکام سے نوٹس لے کراصلاح احوال کامطالبہ۔تفصیلات کے مطابق آزادکشمیرکے معروف تجارتی اوربرطانوی تارکین وطن کشمیریوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والے قصبے چک سواری میں تجارتی سرگرمیاں زوال پذیرہورہی ہیں جس کی اہم وجوہات میں بارواں تا چک سواری مرکزی شاہراہ کی خستہ حالی بھی شامل ہے۔

مرکزی بازارکی شاہراہ سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں لیکن شاہراہ پرپڑے گہرے گڑھے قیمتی گاڑیوں کوناکارہ کرنے کے ساتھ ساتھ حادثات کابھی موجب بن رہے ہیں۔بعض تاجروں نے اپنی مددآپ کے تحت اپنی دُکانوں کے سامنے موجود گڑھے سیمنٹ اوربجری کے ساتھ بھرے بھی ہیں

لیکن مجموعی طورپرپورے بازار کی شاہراہ ٹوٹ پھوٹ کاشکارہوکرناقابل سفرہوچکی ہے جس سے اس قدیم تجارتی قصبے آنے والوں کوشدیددشواری کاسامناہے۔

سماجی حلقوں نے مرکزی بازارچک سواری کی شاہراہ کی خستہ حالی پرشدیدبرہمی کااظہارکرتے ہوئے محکمہ شاہرات آزادکشمیرکے حکام سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ چک سواری بازارکی شاہراہ فی الفورمرمت کی جائے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دورہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کے باسی سکھ کاسانس لے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں