سرپرائز ڈے “ تاریخ کا اہم ترین دن،بھارت کومنہ توڑ جواب ملتا رہےگا، پیر سید علی رضا بخاری کا جلسہ عام سے خطاب

حویلی ،راولاکوٹ(سٹاف رپورٹر)27 فروری سرپرائز ڈے پر بہادر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ممبر اسمبلی و سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف پیر ڈاکٹر علی رضا بخاری کی قیادت میں بارش اور شدید موسم کے باوجود حویلی سے راولاکوٹ تک “ افواج پاکستان زندہ باد” ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے میں ہزاروں کی تعداد میں محب وطن افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد، پاک فضائیہ زندہ باد، ظالم مودی مردہ باد، کے نعرے لگائے اور مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان میں مسلمانوں پر مظالم اور قتل وغارت گری کی مذمت کی

یکجہتی ریلی جو بعد ازاں صابر شہید سٹیڈیم پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی جلسہ کی صدارت نوجواناں پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہ جلسہ سے پی ٹی آئی کے راہنما سردار تنویر الیاس ، ممبر اسمبلی پیر علی رضا بخاری مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن ازادکشمیر ، مسلم کانفرنس کے راہنما سردار صغیر چغتائی ایم ایل اے ، جمعیت علما جموں و کشمیر کے صدر مولانا امتیاز احمد صدیقی سمیت مختلف جماعتوں کے راہنماؤں نے خطاب کیا ۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی و سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف پیر ڈاکٹر علی رضا بخاری نے کہا کہ 27 فروری کو پاک شاہینوں نے بھارتی غروراور تکبر کو خاک میں ملادیا۔ نہتے مسلمانوں کو شہید کرنے والے بزدل مودی کو پیغام ہے کہ پاکستان کی طرف جو ہاتھ بڑھے گا، اسے کاٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ “سرپرائز ڈے “ ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے جب پاک فوج نے قوم کا سرفخر سے بلندکیااور دنیا نے دیکھا کہ پاک فضائیہ نے کس مہارت،جرات اور بہادری سے دشمن کو للکارا اور دشمن کے زیر قبضہ گھر میں جاکر اس پر واضح کیا کہ وہ پاک فضائیہ کے نشانے پر ہے….

آج کے تاریخی دن کے موقع پر پوری قوم چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ ،پاک فوج اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، اور افواج پاکستان نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے…

افواج پاکستان ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اتری ہیں اور مسلح افواج پاکستان دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، قوم اپنی فوج کیساتھ ہے، سانحہ پلوامہ کے بعد بھارت کی انتہا پسند حکومت نے سیاسی مقاصد کیلئے اپنی فوج کو استعمال کیا اور بھارتی ائیرفورس نے بالاکوٹ میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جس کے جواب میں پاک شاہینوں نے 27فروری کو دشمن کو للکارکرایسا منہ توڑ جواب دیا کہ وہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا

اپنا تبصرہ بھیجیں