قانون پر عملداری اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ،ڈی آئی جی فرمان علی

سکردو (ایس ایم موسوی) ڈی آئی جی پولیس فرمان علی نے بلتستان کے چاروں اضلاع کے ایس پیز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع میں قیام امن، ٹریفک کے نظام میں بہتری، چوری ڈکیتی کے روک تھام، منشیات کا تدارک اور کورونا وائرس سے عوام الناس کو محفوظ رکھنے کے لیے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملداری کو یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قانون پر عملداری اور عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے جس پر غفلت کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تعلقات عامہ بلتستان پولیس غلام محمد کے مطابق ڈی آئی جی بلتستان ڈویژن نے کہا ہے کہ حالیہ بھرتیوں کے دوران ضلع سکردو کی 12 پوسٹوں کے حوالے سے جو تشویش پائی جارہی تھی آئی جی پولیس گلگت بلتستان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے حل کرلیا ہے محکمہ پولیس گلگت بلتستان میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کرتا۔

محکمہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آفیسران و جوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والوں کو سزا بھی دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فورس کے ادارے سے وابستہ ہونے کے ناطے ہمیں مجموعی طور پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہوگا نظم و ضبط کی خلاف چلنے والے اہلکار خود کو سدھاریں وگرنہ سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی آئی جی فرمان علی نے مزید کہا ہے کہ بلتستان کے چاروں اضلاع کی پولیس کو درپیش مسائل کے حل کےلئے بھرپور کوشش کروں گا اس حوالے سے بہت جلد اضلاع کا دورہ کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام ایس پیز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر سخت سکیورٹی اقدامات کے ساتھ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں اس سلسلے میں علماء کرام سیاسی و سماجی شخصیات کی معاونت بھی حاصل کرلیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں