آزاد کشمیرکے انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی طرف سے الیکشن منشور جاری نہ کرنا، مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور تحریک آزادی کو پس پشت ڈالنے کے مترادف ہے۔ پاسبان حریت جموں کشمیر 

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)آزاد جموں کشمیر میں پانچ سالہ حکومتی مدت پوری ہونے کے بعد قانون ساز اسمبلی کے نئے انتخابات کے حوالے سے میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی نے کہا ہے کے بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں نریندرہ مودی کی ظالم حکومت نو لاکھ قابض افواج کے زریعے جہاں ریاست کے عوام کے ساتھ ظلم اور بربریت بپا کیئے ہوئے ہے۔ ریاست کی شناخت اور پہچان کو ختم کردیا گیا ہے۔

آزادی، انصاف اور حقوق مانگنے والوں کو یا تو قتل کردیا جاتا ہے یا پھر جیلوں میں قید کیا جارہا ہے۔ لاکھوں بھارتی شہریوں کو ڈومیسائل جاری کیئے گئے وہیں مقبوضہ ریاست کے اندر اسلامی شعائر ، روایات، کلچر اور ثقافت کو چن چن کے ختم کیا جا رہا ہے۔ ان حالات میں آزادی کے بیس کیمپ کے آمدہ انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ عزیراحمدغزالی نے کہا کے آمدہ الیکشن میں حیران کن صورتحال دیکھی جارہی ہے کہ سیاسی جماعتیں جو ماضی میں مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کے نعرے دعوی اور وعدوں پر الیکشن لڑتی تھیں اس بار نہ تو ان پارٹیوں نے الیکشن منشور جاری کیا اور نہ ہی الیکشن کمپین میں 5 اگست 2019 کے بھارتی حکومت کی جانب سے مسلط کردہ غیر قانونی اقدامات اور ریاست کی جبری تقسیم کیخلاف عوام کو آگاہ کیا جارہا ہے۔

غزالی کا کہنا تھا کے آزاد جموں کشمیر میں آمدہ انتخابات کی عوامی رابطہ مہم میں سیاسی جماعتوں کی مرکزی اور نہ ہی مقامی قیادت نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حق خودارادیت کا مطالبہ کیا نہ ہی عوام سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے تائید حاصل کی۔ جو کے بیس کیمپ کی حکومت، جماعتوں اور قیادت کی بنیادی آئینی زمہ داری ہے۔ انکا کہنا تھا کے ماضی میں اسی طرح کی سستی اور لاپرواہی نے آزاد کشمیر کے عوام کو مزاحمتی تحریک سے دور کیاہے۔

انکا کہنا تھا کہ آزاد جموں کشمیر کی سیاست میں عدم برداشت، دھونس، دھمکی، قومیت، علاقائیت اور لسانیت کے آنے سے رواداری، شرافت ، دیانت اور امانت کی ذمہ داریوں کا احساس ختم ہونا آزاد کشمیر کی قومی قیادت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ عزیر احمد غزالی نے آزاد جموں کشمیر کی ساری جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کے وہ الیکشن کے زریعے حکومت سازی کرکے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کی آزادی کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ انکا کہنا تھا کے بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ ریاست کی آزادی کیلیئے آزاد جموں کشمیر کے عوام کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں