کشمیر گلوبل کونسل امریکہ نے شہری قتل عام پر بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

ڈیلاس ٹیکساس (سٹیٹ ویوز)امریکہ اور کنیڈا میں مقیم کشمیری تارکین وطن کی رجسٹرڈ تنظیم کشمیر گلوبل کونسل (کے جی سی) نے جموں و کشمیر میں شہریوں کی ہلاکتوں پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوے بین الاقوامی اداروں سے ان جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں قابض قوتوں کی خفیہ ایجنسیوں اور ان کے پراکسیوں کے ملوث ہونے کے شبہات اور الزامات کا پتہ چل سکے۔ گزشتہ ہفتے “نامعلوم بندوق بردار دہشت گردوں ” کی فائرنگ سے اقلیتی برادریوں کے ارکان سمیت پانچ عام شہری جانحق ہو گئے جبکہ بھارتی مسلح افواج کے ہاتھوں ایک غیر مسلح شہری مارا گیا۔ رواں سال اب تک کشمیر میں دو درجن سے زائد شہری جانحق ہو چکے ہیں۔

کشمیر گلوبل کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے سربراہ انجینئر فاروق صدیقی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیاں اپنے اپنے سٹریٹجک مفادات کو پورا کرنے کے لیے کشمیر میں مزید بدامنی پھیلانے کی دانستہ کوشش کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے جی سی عالمی طاقتوں کے سفیروں کو خط لکھے گا تاکہ انہیں کشمیر میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے گٹھ جوڑ کے بارے میں آگاہ کیا جائے جو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب 2021 کے اوائل میں ہندوستان اور پاکستان کی افواج نے سیز فائر پر باہمی اتفاق کیا ، جس کے بعد اب کشمیر میں سویلین شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

کے جی سی بورڈ کے رکن الطاف قادری نے کہا کہ کشمیر میں شہری ہلاکتیں لوگوں کو مزید سر تسلیم خم کرنے ، انہیں خاموش کرنے اور کشمیری عوام کی آزادی و خود مختاری کی تحریک کو بدنام کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے ارکان کی ہلاکتیں کشمیر میں رواداری اور ہم آہنگی کی فضا کو خراب کرنے کی سازش ہے۔ کشمیری عوام فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کی اجازت نہیں دیں گے۔ کے جی سی بورڈ ڈایریکٹر راجہ مظفر نے کشمیر میں دہشت گردی کے بڑھتے تازہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی 2018 کی رپورٹ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کے کمیشن براے انسانی حقوق نے ایک “انکوائری کمیشن” قائم کرنے کا فیصلہ کیا کہ قابض حکومتوں پر دباو ڈال کر کمیشن اپنی تحقیقات مکمل کرے۔

راجہ مظفر نے کہا کہ کشمیر گلوبل کونسل جموں کشمیر کی تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہے کہ ان وہ ہمارے جسم کا حصہ ہیں اور ہم ان پر ہونے والے ظلم پر خاموش نہیں رہینگے اور ہمیں یہ یقین ہے کہ کشمیری اقلیتیں بھی اپنے ہم وطن کشمیری مسلمان بھائیوں کے ساتھ ہو رہے ظلم کے خلاف آواز اٹھایں گی۔ہم ایک آزاد جمہوری مملکت کے قیام کی جدوجہد میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کے جی سی جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے اپنے شہری اور سیاسی حقوق ، اپنی زمینوں کے دوبارہ اتحاد اور تخفیف کے لیے وکالت کے لیے کام جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اس کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں