واپسی عزت کے ساتھ ہوگی ورنہ نہیں،محمد عامر

لاہور: سابق فاسٹ بولرمحمد عامر نے ایک بار پھر واپسی کے امکانات کو مسترد کردیا۔

ٹی 10 کرکٹ لیگ میں بنگلا ٹائیگرزکا حصہ بننے والے محمد عامر نے ورچوئل پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا۔کوئی رابطہ کرے گا تو پھر ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کروں گا۔عزت کے ساتھ واپسی چاہتا ہوں۔خود سے ریٹائرمنٹ واپس نہیں لوں گا۔

محمد عامرکا کہنا تھا کہ بورڈ میں تبدیلی سے اپنا ذہن نہیں بدل رہا۔نہیں چاہتا کہ خود واپسی کا اعلان کروں اور کرکٹ بورڈ حکام کہیں کہ اس کو نہیں کھلانا ۔فی الحال فیملی کے ساتھ وقت گزار کر زندگی کا بھرپور لطف اٹھا رہا ہوں۔ لیگ کرکٹ کھیل کر انجوائے کررہا ہوں۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ دبئی کرکٹ کونسل کا پاک بھارت سیریز کی پیشکش کرنا خوش آئند ہے۔ پاک بھارت سیریز کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کو بات کرنی ہوگی۔صرف اس پیشکش سے کچھ نہیں ہوگا اس سلسلے میں دونوں ممالک کے بورڈز کو بھی سیریز کے انعقاد کے لئے کوششیں کرنا پڑیں گی۔

محمد عامر کا موقف تھا کہ ورلڈکپ سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کی وجہ حسن علی کے ڈراپ کیچ کو قرار دینا درست نہیں۔ حسن علی کا شمار بہترین فیلڈرز میں سے ہوتا ہے۔

کیچز ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے۔حسن کے کیچ ڈراپ کرنے کے بعد بھی ہمارے پاس میچ جیتنے کا موقع تھا۔اگر اچھی بولنگ کی جاتی تو میچ میں کامیابی مل سکتی تھی۔ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو ٹرول کرنا نہیں بنتا بلکہ اس صورت حال میں اچھی پرفارمنس کا کریڈٹ دینا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں