کام کا بوجھ شاہین کی پرواز پر اثرانداز ہونے لگا

لاہور: کام کا بوجھ شاہین شاہ آفریدی کی پرواز پر اثرانداز ہونے لگا،انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس نے پیسر پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلیے آرام کی غرض سے وطن واپس بھجوانے کی درخواست قبول کرلی،

دیگر پاکستانی کرکٹرز کو ویسٹ انڈیز سے ہوم ون ڈے سیریز کیلیے منتخب ہونے پر ہی انگلینڈ سے طلب جائے گا۔

آئندہ ہفتے اسکواڈ کا اعلان ہونے پر کھلاڑی انگلینڈ سے رخت سفر باندھیں گے،تربیتی کیمپ بھی مختصر ہوگا، جولائی میں دورئہ سری لنکا کی حتمی تاریخیں سامنے آنے پر پلیئرز کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کیلیے دستیابی کا فیصلہ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 7اور آسٹریلیا سے ہوم سیریز کے بعد کپتان بابر اعظم سمیت کئی قومی کرکٹرز آرام کررہے ہیں۔

البتہ دیگر انگلش کاؤنٹی سیزن میں صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے کیلیے سرگرم ہیں، ان میں محمد رضوان،شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف،نسیم شاہ، محمد عباس اور محمد عامر شامل ہیں، حارث اور نسیم شاہ انجریز کا شکار ہوئے مگر اب صحتیاب ہو چکے ہیں، یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف سائیڈ انجری کی زد میں آئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں