وزیر داخلہ پنجاب کا 25 مئی واقعات کی انکوائری مکمل ہونے پر اہم پیغام

وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ 25 مئی کے واقعات کی پولیس انکوائری تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔اپنے ایک بیان میں ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ انکوائری میں ذمہ دار قرار دیے گئے افراد سفارشیں نہ کرائیں کیونکہ اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

وزیرداخلہ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ 25 مئی کے واقعات میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، سب سے انصاف کیاجائے گا۔خیال رہے کہ 25 مئی 2022 کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے تھے جس کے باعث لاہور میدان جنگ بن گیا تھا، اسی دوران متعدد پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی زیر صدارت ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں ہونے والے اجلاس میں 25 مئی کے تشدد کے واقعات کی تحقیقات کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنانےکا فیصلہ کیا گیا تھا، بعد ازاں کارروائیوں میں ملوث 12 ایس ایچ اوز معطل بھی کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ 25 مئی کو زیادتی کرنے والوں سے بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، رانا ثنااللہ آپ کے خلاف کیس لا رہے ہیں، آپ جیل جانے والے ہو ، آپ کو پھانسی کی سزا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں