پاکستانی کرکٹ شائقین سے مار پیٹ،پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے کو چپ لگ گئی

دبئی(سٹیٹ ویوز)متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں پاکستانی کرکٹ شائقین سے مار پیٹ کے واقعات پر پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے نے چپ سادھ لی۔اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر سفارتی رابطوں اور اثر و رسوخ استعمال کرنے کے بجائے سفارت خانے نے معاملہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سپرد کردیا کہ کرکٹ بورڈ “مقامی انتظامیہ” سے رابطے رکھے ہوئے ہے۔

ایشیا کپ کے میچز کے دوران پاکستان سفارت خانے اور قونصل خانے کے حکام پاکستان کرکٹ بورڈ سے مفت ٹکٹ وصول کرکے میچز دیکھتے ہوئے تو نظر آئے ہیں مگر جب اوورسیز پاکستانیوں پر مشکل پڑی تو اب چپ سادھ لی۔پاکستان افغاستان میچ سے بھی پاکستان سفارتخانے کے حکام شارجہ میں میچ سے لطف اندوز ہوتے رہے مگر جیسے ہی پاکستانی شائقین کے ساتھ بدمزگی اور مار پیٹ کے واقعات رونما ہوئے تو
سفارتی عملہ “ متعلقہ حکام “ سے شکایت کرنے کے بجائے گھر روانہ ہوگئے۔

اطلاعات ہیں کہ افغان شائقین پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا، تنبہی کی گئی اور اس کے بعد رہا کردیا گیا۔حکام کے مطابق افغان تمائشیوں کے ڈی پورٹ ( بے دخلی ) کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے البتہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں