ترکی میں آئی فون 14 کی قیمت دنیا بھر میں سب سے زیادہ

ترکیہ نے آئی فون 14 کی قیمت کے حوالے سے برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور دنیا میں پہلے نمبر پر آگیا جہاں ایپل کی جانب سے متعارف کیے گئے نئے فون آئی فون 14 کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔ایپل ویب سائٹ کے ذریعے دنیا بھر میں آئی فون کی قیمتیں معلوم کرنے والا ادارہ “نکینی رینکنگ” دنیا بھر میں کرنسی ریٹ اور مختلف ممالک کے ٹیکس کی بنیاد پر فون کی قیمتوں کی رینکنگ جاری کرتا ہے۔

نکینی رینکنگ کی جانب سے نئے فون کی ڈیٹا پر مشتمل نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے جس میں آئی فون 14 کی قیمت کے اعتبار سے ترکیہ مہنگی ترین قیمت کے ساتھ سرفہرست ہے۔ترکیہ میں آئی فون 14 کی قیمت 2 ہزار 193 اعشاریہ 15 ڈالرز ہے جبکہ برازیل میں 1 ہزار 823 اعشاریہ 19 ڈالر ہے۔

دنیا بھر میں آئی فون 14 کو سستی قیمتوں میں خریدنے کیلئے امریکا اور جاپان سرفہرست ہیں جہاں آپ (مقامی ٹیکسز کے علاوہ) آئی فون 14 کو 999 ڈالرز اور 1 ہزار 39 اعشاریہ 46 ڈالرز میں خرید سکتے ہیں۔انڈیا، ہنگری اور پولینڈ بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہیں جہاں ایپل کے پراڈکٹس کی قیمتیں مہنگی ہیں۔

ترکیہ کو درپیش معاشی مسائل کے باعث 2021 میں وہاں مہنگائی کی شرح 80 فیصد تک پہنچ چکی تھی، جس کے بعد ایپل کی جانب سے ترکیہ میں اپنے پراڈکٹس کی فروخت بند کردی گئی تھی کیوں کہ وہاں کی کرنسی کی قدر چند گھنٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں 15 فیصد تک کم ہو گئی تھی۔

فروخت دوبارہ شروع کرنے سے قبل ایپل کی جانب سے اپنے پراڈکٹ کی قیمتیں 25 فیصد تک بڑھا دی گئی تھیں۔اس کے علاوہ یوکرین جنگ کے باعث یورپی کرنسی کی قدر میں ڈالر کے مقابلے کمی کے بعد یورپ میں بھی ایپل کی جانب سے اپنی پراڈکٹس کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں