پہلا ورلڈ ٹائٹل جیتنے کا عزم لئے انٹرنیشنل باکسر عثمان وزیر آج رنگ میں اتریں گے

دنیائے باکسنگ میں پاکستان کے لئے تاریخی دن ۔ پروفیشنل باکسنگ میں پہلا ورلڈ ٹائٹل جیتنے کا عزم لئے انٹرنیشنل باکسر عثمان وزیر آج رنگ میں اتریں گے۔ قومی کرکٹرز شاداب خان، محمد حفیظ، سرفراز احمد، سہیل تنویر اور دیگر کا عثمان وزیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار.

ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے تحت ہونے والی ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ آج تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں کھیلی جائے گی جہاں قومی ہیرو تھائی لینڈ کے باکسر سومپوت سیسا سے مقابلہ کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے قومی باکسر کے لئے اپنے ٹویٹ میں لکھا ” میرے بھائی عثمان وزیر کے لئے Best wishes ، پاکستان کا سر فخر سے بلند کرو، پاکستان زندہ باد ”

سابق کپتان محمد حفیظ نے اپنے ٹویٹ میں باکسر عثمان وزیر کامیابی کے لئے گڈ لک کہتے ہوئے لکھا کہ “عثمان وزیر آپ پاکستان کا چہرہ ہیں یہ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کریں” سابق کپتان سرفراز احمد کو بھی عثمان وزیر کی جیت کا یقین ہے، اپنے ٹویٹ میں سرفراز احمد نے قوم کو قومی باکسر کی جیت کے لئے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

معروف آلراؤنڈر سہیل تنویر فاسٹ باؤلر موسی خان، سلمان ارشاد اور اسامہ میر نے بھی اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ سے قومی باکسر عثمان وزیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انگلینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے کے ہیرو فاسٹ باؤلر حارث روف کی بھی عثمان وزیر کو تھپکی ،اپنے ٹویٹ میں کہا عثمان وزیر ہماری نیک تمنائیں تمھارے ساتھ ہیں۔ جیتو۔۔۔ تم پاکستان کا فخر ہو۔

قومی مایہ ناز باکسر عثمان وزیر کی یہ نویں پروفیشنل باکسنگ فائٹ ہوگی جس میں اب تک وہ تمام مقابلوں میں کامیابی سے ہم کنار ہوئے ہیں۔عثمان وزیر پاکستان کے پہلے باکسر ہیں جنہوں نے ڈبلیو بی او ورلڈ یوتھ ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

عثمان وزیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کی سب سے بڑی فائٹ لڑنے کے لیے پُرجوش ہیں، یوتھ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کے لیے کوالیفائی کرنا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔پاکستانی پروفیشنل باکسر نے قوم سے کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں