انگلش کپتان نے رضوان کی تعریف کرتے ہوئے مخالفین کو مشورے سے نواز دیا

انگلش ٹیم کے کپتان معین علی نے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے محسوس کیا ہے ہماری ٹیم رضوان کے کھیل سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 رنز سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران انگلش کپتان معین علی نے محمد رضوان سمیت آل راؤنڈر عامر جمال کی بھی تعریف کی۔

معین علی کے مطابق رضوان ایک ایسا کھلاڑی ہے جس سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، رضوان نے آج وکٹ کو دیکھتے ہوئے خود کو اس کے مطابق ڈھالا، اگرچہ رضوان نے اسی انداز میں کھیلا جیسے وہ کھیلتے ہیں لیکن جہاں ضرورت محسوس ہوئی رضوان نے خطرہ مول لیا اور کنڈیشن کے مطابق کھیل پیش کیا۔

دوران گفتگو معین علی نے اعتراف کیا کہ انگلینڈ ٹیم کے لیے سیریز کے دوران محمد رضوان کو روکنا خاصا مشکل رہا، رضوان ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور وہ مشکل صورتحال میں بھی باؤنڈری لگانا جانتے ہیں۔
دوسری جانب عامر جمال سے متعلق کیے گئے سوال پر انگلش کپتان کا کہنا تھا عامر جمال نے آخری اوور میں اچھی بالز کیں، وائٹ بال اور ایک چھکے کے باوجود میں ٹیم کو دیا گیا ہدف پورا نہ کر سکا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھی محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز بنائے تھے اور پاکستانی بولرز نے لاج رکھتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں