اسلام آباد (سٹیٹ ویوز)فلسطین کی بیس بال ٹیم 27 جنوری سے یکم فروری تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والے ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں شرکت کے لیے بدھ کو پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچی۔میزبان ملک پاکستان کے علاوہ یہ ٹورنامنٹ فلسطین، نیپال، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں اصل میں سات ٹیمیں شامل تھیں لیکن بھارتی اسکواڈ کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے پاکستان میں کھیلنے اجازت دینے سے انکار کردیا اور بھارتی کلیرنس نہ ملنے کی وجہ سے بھارتی کھلاڑی پاکستان نہ پہنچ سکے حالانکہ حکومت پاکستان نے بھارتی بیس بال اسکواڈ کو ویزے کئی ہفتے پہلے جاری کردئیے تھے۔
بھارتی ٹیم کی عدم شرکت کی وجہ سے ٹورنامنٹ سات ملکی سے اب چھ ملکی ٹورنامنٹ بن گیا۔ اسپورٹس منتظمین نے بھارتی حکومت کے فیصلے پر حیرت اور مایوسی کا اظہار کیا ہے جبکہ فلسطینی بیس بال ٹیم کے پاکستان کے سفر کیلئے اسرائیلی حکومت کی سہولت کاری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
اسپورٹس منتظمین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے پاکستان سے سفارتی تعلقات نہیں مگر وہ ملک سہولتکاری فراہم کررہا ہے جبکہ بھارت سے پاکستان کے سفارتی تعلقات ہیں مگر ایک اسپورٹس ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے کی کلئیرنس نہیں دی جارہی ہے جو انتہائی افسوناک ہے۔اس ایونٹ کا اہتمام پاکستان فیڈریشن بیس بال نے دبئی میں قائم بیس بال یونائیٹڈ کے تعاون سے کیا ہے، یہ پہلی پیشہ ورانہ بیس بال لیگ ہے جو جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں کھیل کے فروغ کے لیے بنائی گئی ہے۔