لاہور: توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس اور رینجرز عمران خان کے گھر میں داخل ہوگئی، اس سے قبل پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان تصادم ہوا جس میں پی ٹی آئی کارکن اور اہلکار زخمی ہوئے جبکہ متعدد کو گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے ہمراہ لاہور پولیس کی بھاری نفری بھی عمران خان کے گھر کے باہر ہے، پولیس نے زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کردیے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد شہزاد ندیم بخاری بکتر بند گاڑی اور پولیس ٹیم کے ہمراہ آئے ہیں۔
پہلے سے موجود وہاں کارکنوں نے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی تو پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا۔ پولیس نے واٹر کینن گاڑیاں بھی طلب کیں جن سے کارکنوں پر پانی پھینکا گیا جب کہ مزاحمت کرتے ہوئے کارکنوں ںے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔