لباس کے مطابق رنگ تبدیل کرنے والا انوکھا کنگن

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) فیشن کی دنیا کے ماہرین نے ایسا سائنسی کنگن ایجاد کر لیا ہے جو پہننے والے کے لباس سے ملتا ہوا رنگ تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایلیمون نامی یہ کنگن آپ کے موبائل فون سے منسلک ہو کر آپ کو اہم فون کالز اور پیغامات سے بھی باخبر رکھتا ہے۔ ماہرین نے اس ایجاد کو فیشن اور سائنس کا سنگم قرار دیا ہے۔

یہ کنگن سمارٹ فون میں ڈالی جانے والی ایپ ایلیمون کے ذریعے کام کرے گا۔ آپ کسی بھی ڈیزائن کی تصویر کھینچ کر اس ایپ میں ڈال دیں ، آپ کا کنگن اسی ڈیزائن کو اختیار کرلے گا یہی نہیں یہ آپ کو راستوں کی ٹریکنگ اور موبائل فون پر آنے والے پیغامات اور کالز کا نوٹیفکیشن بھی فراہم کر سکتا ہے۔