جموں کشمیرلبریشن فرنٹ گلف کا سردارآفتاب کی یاد میں تعزیتی ریفرینس

شارجہ (سٹیٹ ویوز) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلف و یو اے ای کے زیر اہتمام تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما, جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر قائد, کشمیر کے ہر دل عزیز رہنما سردار آفتاب (مرحوم) کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تعزیتی ریفرینس کا اہتمام کیا گیا۔

جس میں آزاد کشمیر اور بھارتی مقبوضہ سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کے علاوہ صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے شرکا سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سیاسی شعبہ کے سابق سربراہ, سردار آفتاب کے دیرینہ ساتھی اور دست راست سردار انور ایڈوکیٹ, جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلف کے صدر خالد کشمیری، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ یو اے ای کے صدر سردار ایاز، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما سردار نیاز کشمیری، شبیر مغل، سردار عابد اور بھارتی مقبوضہ کشمیر سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما ڈاکٹر بشارت شیرازی نے خطاب کیا۔ اجلاس میں موجود جموں کشمیر نیب کے سینئر رہنما سردار قمر رحیم کے علاوہ پی ٹی آئی گلف کے سیکریٹری جنرل راجہ راشد علی نے بھی زبردست انداز میں سردار آفتاب مرحوم کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس میں موجود مختلف میڈیا گروپس سے جڑے صحافی حضرات نے بھی سردار آفتاب مرحوم کی قائدانہ صلاحتوں اور انکی مدبرانہ رہنمائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جن میں کشمیر ایکسپریس کے سینئر صحافی عابد چغتائی۔ جموں کشمیر ایکسپریس کے صحافی راجہ اسد خالد اور اکرام کاشر شامل ہیں۔ اجلاس میں موجود سینئر صحافی سبطہ عارف نے کشمیر کے حوالے سے ایک خوبصورت مقالہ پڑھا جس میں کشمیریوں کو اپنی جدوجہد آزادی درست سمت میں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تعزیتی ریفرینس میں موجود تمام شرکا سردار آفتاب کی وفات پر افسردگی اور غم کی کیفیت میں تھے۔ آہنوں اور سسکیوں بھرے ماحول میں سردار آفتاب کی جدوجہد ۔ حوصلہ مندانہ قیادت اور اعلی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمام شرکا نے ان کی جدوجہد کے ساتھ تجدید عہد کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر آزادی کے لیے جدوجہد کو درست سمت میں جاری رکھا جائے گا۔ سردار آفتاب نے اپنی پوری زندگی بے لوث جدوجہد اور کارکنوں کی سیاسی رہنمائی اور معاونت میں بسر کی۔ سردار آفتاب جیسے کردار صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں اور رہتی دنیا تک لوگوں کے دلوں میں امر ہوجاتے ہیں۔ سردار قمر رحیم نے انکے حوالے سے ایک بہت خوبصورت بات کی کہ سردار آفتاب نے تمام سیاسی تجربے اپنی ذات پر کئے اور عوام کے دلوں میں اپنی چھاپ ثبت کر کے اس دنیائے فانی سے رخصت ہو گئے۔

تقریب کے اختتام پر سردار آفتاب کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اسے کے بعد شرکا کے لیے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔