فرانس کے بین الاقوامی ثقافتی میلےمیں پاکستانی ثقافت کی گونج

پیرس (راجہ حبیب ، سٹیٹ ویوز) فرانس کے بین الثقافتی شہر لیوں میں بین الاقوامی ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیاجس میں درجنوں ممالک کی ثقافت کے رنگ دکھائی دیئے۔ میلے میں پاکستان کی ثقافت کی جھلک دیکھنے جہاں لیوں میں مقیم پاکستانی پرجوش تھے وہیں فرانسیسی گوروں نے بھی پاکستان کی ثقافت کی عکاسی کرنے والے سٹالز پر اپنے قدم جما لیے اور پاکستان کی ثقافت سے آشنائی حاصل کرنے کے لئے بے تاب دکھائی دیئے۔

فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے میلے میں پاکستانی کلچر کے رنگ بکھیرنے پر جہاں خوشی کا اظہار کیا وہاں پاکستانی سفیر معین الحق کی فرانس میں پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر کا کہناتھا کہ لیوں کے میلے میں پاکستان کی شرکت سفارت خانہ پاکستان کے وسیع عوامی سفارت کاری پروگرام کا حصہ ہے جو کہ گذشتہ سال سے ’سیلیبریٹنگ پاکستان‘ کے نام سے شروع ہے جس کا مقصد پاکستان کی سماجی اور ثقافتی اقدار کو فرانس میں متعارف کرانا ہے تا کہ پاکستان اور فرانس کے لوگوں کے درمیان بہتر رابطہ ممکن ہو سکے۔

اس موقع پر فرانسیسی سیاست دانوں اور کاروباری افراد بھی موجود تھے ، کاروباری افراد کومعین الحق نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جن سے فرانس کے انویسٹرز کو بھرپور فاہدہ اٹھا نا چاہیے۔