احسان اللہ انجری سے نجات پانے کیلئے کچھ روز میں برطانیہ روانہ ہوں گے

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ کہنی کی انجری سے نجات حاصل کرنے کیلئے کچھ روز میں انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے احسان اللہ خان کو انجری سے چُھٹکارا دلانے کیلئے برطانیہ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ اس حوالے سے پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز بھی فاسٹ بولر کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ کہنی کی تکلیف سے سرجری کے باوجود مکمل نجات حاصل نہیں کرسکے اور وہ ری ہیب کے باوجود تکلیف کا شکار ہیں، جس کے باعث رواں ایڈیشن میں پی ایس ایل کھیلنے سے قاصر رہے۔
مزید پڑھیں: احسان اللہ کی انجری سے متعلق غلط تشخیص؛ محسن نقوی ڈاکٹرز پر برہم

فاسٹ بولر نے اپنے ایک پیغام میں فینز کو عید کی مبارکباد دی ہے اور آگاہ کیا کہ وہ سرجری کے لیے انگلینڈ جارہے ہیں، انکے لیے دعا کریں کہ تاکہ جلد فٹ ہوجائیں۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے اونر علی ترین نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر انکشاف کیا تھا کہ ابتدائی طور پر انکی انجری کی غلط تشخیص ہوئی اور پھر ناکام سرجری جس سے انکا کیرئیر داؤ پر لگ گیا، اب برطانیہ میں چیک اَپ کروائیں گے جس کے بعد دیکھیں سرجن کیا کہتے ہیں۔

خبر میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی نے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی تھی، بعدازاں پی سی بی کے ڈاکٹر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ احسان اللہ کی کہنی کی ایم آر آئی رپورٹ کی غلط تشخیص نہیں ہوئی بلکہ اس کی تشریح غلط کی گئی۔