مظفر آباد: عدالت العالیہ چیئرمین پی ایس ای کی تعنیاتی کے کیس کی سوموار سے باقاعدہ سماعت کرے گی

مظفرآباد( بیورورپورٹ)عدالت عالیہ آزادجموں و کشمیر، پبلک سروس کمیشن کے نوتعینات چئیرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) ہدایت الرحمان کی تقرری چیلنج کیے جانے کے کیس کی سموار سے با ضابطہ سماعت کرے گی، چئیرمین پی سی سی کی تعیناتی کیلئے رٹ پٹیشن سینئر صحافی حارث قدیر نے دائر کی تھی ، ان کی جانب سے سید ذوالقرنین نقوی ایڈووکیٹ عدالت عالیہ میں کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔ عدالت العالیہ نے فریقین کو نوٹسز جاری کیے تھے۔ پٹیشنر نے موقف اپنایا ہے کہ نوتعینات چئیرمین پی ایس سی کے پاس کشمیری اسٹیٹ سبجیکٹ نہیں ہے اور اس عہدے کے لئے انکا سٹیٹ سبجیکٹ ہونا ضروری ہے۔جس پر چیف جسٹس راجہ صداقت نے ریمارکس دیے تھے کہ چئیرمین پی ایس سی تعینات ہونے کےلئے سٹیٹ سبجیکٹ ہونا ضروری ہے، سٹیٹ سبجیکٹ ہولڈر ہونا ضروری نہیں ہے ، پٹیشنر کے وکیل کا موقف تھا کہ سٹیٹ سبجیکٹ ہونے کا ثبوت سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ کے ذریعے ہی دیا جا سکتا ہے، اور نو تعینات چیئرمین پی ایس سی کا کسی قسم کا ریکارڈ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے پاس موجود نہیں ہے۔ اب کیس کی سموار سے با ضابطہ سماعت شروع ہو رہی ہے۔