مظفر آباد :صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر نے حکومت کی طرف سسے میرٹ کے پرچار کے دعوے کو مسترد کردیا

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آئین قانون،رولز آف بزنس،گڈگورننس اور میرٹ کا پرچار کرنے والی گورنمنٹ نے جس طرح معلم القرآن کی تقریاں ” صاف شفاف ” انداز میں کیں جونئیر کلرکوں،کمپیوٹر آپریٹر،وارڈن اور دیگر مشتہر شدہ آسامیوں کی تقرریوں کا بھی اس سے برا حال ہو گا۔

راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ معلم القرآن کی تقرریوں میں حق دار کی حق تلفی کرنے والے پر اللہ تعالیٰ کا قہر نازل ہو گا۔جو لوگ گذشتہ 10 15 سالوں سے مقامی سکولوں میں خدمات سرانجام دے رہے تھے ان کو نظر انداز کر کے دور دراز علاقوں سے من پسند افراد کو تعینات کر کے حکومت آزادکشمیر نے میرٹ کا بول بالا کیا طویل مقدمہ بازی کے بعد بھی حق داروں تک ان کا حق نا پہنچ سکا۔

تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ ایکٹ کو ختم کرنے کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔تھرڈ پارٹی ایکٹ ختم کرنے والے تمام کردار بھی رسوا ہونگے جنھوں نے پڑھے لکھے اہل اور غریب کو اسکے حق سے محروم کیا۔راجہ سجاد احمد خان نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی جس جس نے بھی آزاد جموں وکشمیر کی سول سروسز کو قواعد وضوابط میرٹ کو پامال کر کے من پسند افراد کی تقرریاں کرائیں وہ سب ذلیل ورسوا ہوئے۔

سرکاری عہدوں پر بیٹھ کر اہل افراد کو نظر انداز کر کے اپنے عزیز واقرباء و سیاسی بنیادوں پر تقرریاں کرنا ظلم عظیم اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے جس کے خلاف وکلاء آواز بلند کرتے رہیں گے۔راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہر محکمہ میں خلاف میرٹ اور ناجائز تقرریوں کی وجہ سے ہی ہر محکمہ اندرونی انتشار کا شکار ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔

ہر دور کے حکمرانوں نے خاکروب کی آسامی پر بھی حقدار کو اسکا حق نہیں دیا بلکہ ان آسامیوں پر اپنی برادری کے سردار،راجے اور چوہدری تعینات کرائے جس کی وجہ سے ہر عمارت میں صفائی کا انتظام ناقص ہے۔راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں آزاد جموں وکشمیر بھر کے وکلاء جو صرف وکیل ہیں ان کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں چونکہ موجود حکومت آل پارٹیز حکومت ہے اور اپوزیشن صرف سکیموں اور اپنا حصہ لینے کی حد تک شور واویلا کرنے تک محدود ہے.

لہذا وکلاء بالخصوص بار کے عہدیداران چھوٹے چھوٹے مفادات کو پس پشت ڈال کر رول آف لاء،میرٹ اور کرپشن لوگوں کے بنیادی حقوق کے محافظ کا کردار ادا کریں۔راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بہت جلد آزاد جموں وکشمیر بھر کے وکلاء کا کنونشن منعقد کریں گے اور جملہ وکلاء کی آراء کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔