اسلام آباد: چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد کی ہدایات کی روشنی میں آر ٹی او اسلام آباد نے اسلام آباد گیسٹ ہاؤسز ایسوسی ایشن کے نمائندگان کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔اجلاس کی صدارت چیف کمشنر آر ٹی او اسلام آباد محترمہ عائشہ فاروق نے کی، جبکہ کمشنر آئی سی ٹی او زون محترمہ عظمیٰ منیر، ایڈیشنل کمشنر آئی سی ٹی او زون جمال خان جسرا اور اسسٹنٹ کمشنر یونٹ ون آئی سی ٹی او زون محترمہ فاطمہ طارق بھی اجلاس میں شریک تھیں۔
اجلاس کے دوران گیسٹ ہاؤسز کے مالکان اور نمائندگان کے ساتھ ٹیکس سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ زیرِ بحث موضوعات میں سیلز ٹیکس رجسٹریشن کی انتہائی کم شرح، کم ادائیگیاں اور اسلام آباد کی حدود میں کام کرنے والے گیسٹ ہاؤسز کی جانب سے سیلز ٹیکس آن سروسز کی عدم ادائیگی شامل تھیں۔اس موقع پر صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ، صدر اسلام آباد گیسٹ ہاؤس ایسوسی ایشن سردار اظہر آزاد,سنیئر نائب صدر محمد ظہور اعوان ، چیف آرگنائزر آصف ملک ،گروپ لیڈر میاں الطاف محمود، وائس چیئرمین عرفان اعوان ،سیکرٹری جنرل سید خرم گیلانی ،نائب صدر دوم بلال ملک،رابطہ سیکرٹری عمر زیب خان،عصمت خان،بشارت عباسی اور دیگر شرکاء نے اپنے شعبے کو درپیش مسائل سے حکام کو آگاہ کیا۔
ان مسائل میں مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے علیحدہ علیحدہ ٹیکس وصولی اور افغان مہاجرین کے بحران کے کاروبار پر پڑنے والے اثرات شامل تھے۔
اجلاس میں دونوں فریقین کے درمیان خیالات کا تبادلہ کیا گیا، غلط فہمیوں کا ازالہ کیا گیا اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد گیسٹ ہاؤسز کے کاروباری طبقے اور ٹیکس حکام کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا تھا۔