اوورسیز پاکستانیوں کے ترجمان نے دوبئی میں بارشوں کے بحالی اقدامات کو مثالی قرار دے دیا

41

اسلام آباد(بیورورپورٹ) دبئی میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے ترجمان کیپٹن(ر) عاصم ملک نے کہا ہے کہ حالیہ طوفان اور بارشیں متحدہ عرب امارات کی تاریخ کی شدید ترین بارشیں تھیں لیکن جس بہترین انداز اور منظم طریقہ کار سے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ایمرجنسی حالات کو کنٹرول کیا اور ہنگامی بنیادوں پر سیوریج سسٹم کو فعال اور بحال رکھا یہ اپنی مثال آپ ہے.

اس حوالے سے خصوصا” دبئی کے حکمران اور یواے ای کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بہترین قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بروقت اقدامات کرکے عرب امارات کو بڑے انسانی نقصان سے بچایا، انہوں نے کہا کہ عرب امارات میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے خاندان اس صورت حال سے خاصے پریشان تھے اور پاکستان سے اپنے پیاروں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے بار بار رابطے کرتے رہے لیکن الحمداللہ عرب امارات کی حکومت نے مئوثر اقدامات سے جلد حالات پر قابو لیا.

میں اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستان میں انکے خاندانوں کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی حکومت خصوصا” یواے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان ایمرجنسی حالات میں عوام کا بھرپور خیال رکھنے اور حفاظت کرنے پر انکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں