اسلام آباد(بیورورپورٹ) اوورسیز پاکستانیوں کے ترجمان کیپٹن(ر) عاصم ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج کا دور فنی تعلیم کا دور ہے اور سادہ نظام تعلیم یعنی میٹرک، انٹر، گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی ڈگریاں اب ماضی کا حصہ بنتی جا رہی ہیں، دنیا کے تقریبا تمام ممالک میں بچوں اور بچیوں کو روائیتی تعلیم کی بجائے فنی تعلیم سے اراستہ کیا جا رہا ہے اور انہیں روزگار کے مختلف ٹیکنیکی شعبوں میں مہارت دی جا رہی ہے تاکہ جب کوئی طالب علم یا طالبہ اپنی تعلیم مکمل کرے تو وہ فنی مہارت سے آراستہ ہو، حکومت پاکستان کو چاہیے کہ سالوں سے رائج روائیتی نظام تعلیم کو یکسر تبدیل کرے اور تمام تعلیمی اداروں میں فنی تعلیم کو رائج کرنے کے اقدامات کرے.
انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں فنی تعلیم کا ہونا بہت ضروری ہے اور فنی تعلیم سے آراستہ نوجوان کل نوکریوں کے لیے مارا مارا نہیں پھرے گا بلکہ اپنے فنی تعلیم کو بروئے کار لاکر زندگی کے کسی بھی شعبے میں اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکے گا، کیپٹن(ر) عاصم ملک نے مزید کہا کہ روایتی نظام تعلیم کا دور گزر چکا ہے اور اب دنیا پر فنی یعنی ٹیکنکل افراد راج کررہے ہیں لہذا حکومت پاکستان کو اس کا ادراک کرنا چاہیے ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا، دنیا اس وقت فنی تعلیم میں معراج تک پہنچ چکی ہے لیکن پاکستان میں وہی روایتی رٹے رٹائے تعلیمی نظام کو چلایا جا رہا ہے جو پاکستان کے ہونہار اور قابل طلبہ و طالبات کے ساتھ زیادتی ہے