ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان کے سالانہ اجلاس میں نئی کونسل کا انتخاب، سید ابو احمد عاکف صدر منتخب

56

اسلام آباد (سٹیٹ ویوز) ایڈونچر فاؤنڈیشن پاکستان کا سالانہ جنرل اجلاس ایڈونچر کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں فاؤنڈیشن کی آئندہ مدت کے لیے نئی کونسل کا انتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس میں سید ابو احمد عاکف کو متفقہ طور پر صدر منتخب کرلیا گیا۔

جنرل اجلاس کی صدارت سبکدوش ہونے والے صدر علی حسن حبیب نے کی، جنہوں نے اپنے خطاب میں فاؤنڈیشن کے اراکین اور رضاکاروں کی خدمات اور ان کے جذبے کو سراہا۔ اجلاس میں آئندہ مدت کے لیے نئی کونسل کے اراکین کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ انتخاب کے مطابق سید ابو احمد عاکف صدر، کرنل (ر) عباس حسین نقوی، ڈاکٹر عدنان لطیف اور محترمہ جہان آرا معین نائب صدور، جبکہ بریگیڈیئر (ر) غلام حیدر کو اعزازی سیکریٹری تعلقات عامہ منتخب کیا گیا۔ کونسل کے دیگر اراکین میں ڈاکٹر تسنیم عظیم، ازل ظاہر، بشریٰ جاوید، رب نواز اور ہما مصطفیٰ شامل ہیں۔

اجلاس میں 26 اکتوبر 2024 کے جنرل اجلاس کی کارروائی پیش کی گئی، جسے باہمی اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اجلاس کے دوران جولائی 2024 سے جون 2025 تک کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں آؤٹ ڈور ایجوکیشن، ایڈونچر لرننگ، نوجوانوں کی شمولیت اور ماحولیاتی ذمہ داری کے فروغ میں نمایاں پیش رفت کا ذکر کیا گیا۔ مالی سال 2024-25 کی آڈٹ شدہ رپورٹ بھی پیش کی گئی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ سال 2025-26 کے لیے مجوزہ سرگرمیوں کا شیڈول بھی پیش کیا گیا، جس میں موسم سرما کی مزید سرگرمیوں کو شامل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

انتخابات کے بعد سبکدوش ہونے والے صدر علی حسن حبیب نے نومنتخب کونسل کے اراکین سے حلف لیا۔ اجلاس کے اختتام پر سابقہ کونسل کی خدمات کو سراہا گیا اور پاکستان میں محفوظ، ذمہ دار اور تعلیمی نوعیت کی آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور نوجوانوں کی قیادت سازی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں