جموں کشمیر لبریشن لیگ نےبنیادی حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کرنے والے پرامن شہریوں پر ریاستی تشدد فسطائیت قرار دے دیا

44

اسلام آباد:جموں کشمیر لبریشن لیگ کی قیادت نے آزاد جموں کشمیر کے نہتے عوام پر ظلم و تشدد کو دیاستی جبر اور فسطائیت قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی صدر خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل دلاور خان ایڈووکیٹ، سینئیر نائب صدر راجہ نیاز احمد راٹھور، چیف آرگنائر میر عبدالطیف ایڈووکیٹ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات خلیق الرحمٰن سیفی ایڈووکیٹ نے ریاستی صورتحال پر مشترکہ اعلامیہ اور بیان جاری کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں عوامی حقوق کی پرامن تحریک کو پرتشدد بنانے اور ریاستی حکومت و انتظامیہ کی جانب سے عوام پر لاٹھی چارج، آنسو گیس ریاستی جبروبربریت اور طاقت کے بے دریغ استعمال سے امن عامہ کو خراب کرنے کی ذمہ دار آزاد حکومت اور انتظامیہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جان بحق ہونے والے اور تشدد کا شکار ہو کر زخمی ہونے والے طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اور انتظامہ کو خبردار کرتے ہیں کہ ریاستی امن عامہ کو خراب کرنے اور تحریک کو پرتشدد بنا کر طاقت کے ذریعے روکنے سے گریز کیا جائے۔ اور گرفتار شدگان کو فی الفور رہا کیا جائے ۔وگرنہ کسی بھی غیرمعمولی صورتحال کی ذمہ دار حکومت وقت اور انتظامیہ ہو گی۔

انہوں نے مزید حکومت پاکستان کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آذاد کشمیر میں عوامی حقوق کی جدو جہد کرنے والوں کے خلاف پاکستانی فورسز کا استعمال کشمیر اور پاکستان کے رشتہ کو کمزور کرنےاورہندوستان کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا موقع فراہم کرنے کے مترادف ہے۔
جموں کشمیر لبریشن لیگ نے مظاہرین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران پہ زور دیا کہ وہ بھی ہر صورت کوشش کریں کہ پرامن رہیں اور اپنی تحریک کو پرامن طریقہ سے منزل کی طرف لے کر چلیں اور اپنی صفوں میں نظر رکھیں کہ کوئی شرپسند عناصر اس پرامن تحریک کو سپوتاژ کرنے کی سازش میں کامیاب نہ ہو پائے۔ اور مظاہرین کسی بھی قسم کے جلاؤ گھیراؤ، خون خرابے یا ریاستی املاک میں نقصان پہنچانے کا ہرگز باعث نہ بنیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں