سردار تنویر الیاس خان پیپلز پارٹی میں شمولیت کی وجہ سامنے لے آئے

39

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وہ کسی وقتی فائدے، ذاتی مفاد یا سیاسی مصلحت کے لیے نہیں بلکہ اصول، نظریے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی پسے ہوئے عوام، مزدوروں، نوجوانوں، خواتین اور جمہوریت کی اصل ترجمان ہے، یہی وجہ ہے کہ اس قافلے میں شمولیت میرے لیے سیاسی نہیں بلکہ نظریاتی فیصلہ ہے۔ اسلام آباد کے ایف ایٹ سیکٹر میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ان کے اعزاز میں ایک پرجوش اور شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں حلقہ ایل اے 5 پونچھ سمیت ریاست بھر سے بڑی تعداد میں کارکنان، رہنما اور جیالے شریک ہوئے۔

سردار تنویر الیاس خان کی آمد پر کارکنان نے والہانہ استقبال کیا، فلک شگاف نعرے لگائے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور سیکرٹریٹ کو پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا۔ اپنے خطاب میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ محروم طبقات کے حقوق، آئینی بالادستی اور عوامی نمائندگی کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے۔ 1973 کا متفقہ آئین، این ایف سی ایوارڈ، اٹھارہویں ترمیم اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر کشمیر کے حق میں مؤثر سفارت کاری.

اس جماعت کے تاریخی ورثے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان ہی اصل طاقت ہیں، پارٹی کی اصل روح ہیں، اور ہم سب ایک خاندان کی مانند ہیں۔ حلقہ ایل اے 5 پونچھ کے ان وفادار جیالوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا علم تھامے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید سردار صغیر چغتائی کی عوامی خدمت، سادگی، بے داغ کردار اور اصولی سیاست ہمارے لیے مشعل راہ ہے، ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

سردار تنویر الیاس نے مخالفین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ آج منفی باتیں پھیلا رہے ہیں وہی لوگ کل تک ہمیں اپنی جماعتوں میں شامل کرنے کی کوشش کرتے رہے، اب جب ہم نے پیپلز پارٹی کا نظریاتی انتخاب کیا ہے تو ان کے چہروں پر مایوسی نظر آتی ہے، ان کے انگور کھٹے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں ایک ہی آواز گونجے گی — ‘جئے بھٹو’۔ ہم ریاست کے عوام کو ترقی، خودمختاری اور خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے اور ایک حقیقی عوامی حکومت کے قیام کی جدوجہد کو مکمل کریں گے۔

تقریب میں شریک نمایاں مقررین و رہنماؤں میں سردار زاہد شریف، سردار طاہر اکرم، سید دلاور بخاری، سردار خالد اشرف، سردار طاہر محمود، ڈاکٹر شیراز، سردار آفاق عادل، سردار امتیاز سرور، سردار طاہر عزیز، ڈاکٹر عمر عزیز، وقاص عاشق، سید ذوالفقار شاہ، سید مصور شاہ، مظہر لال، سردار عمران رفیق ایڈووکیٹ، سید ظہیر شاہ ایڈووکیٹ، سید مسرت حسین شاہ، سردار امجد نسیم ایڈووکیٹ، سردار خان سجاد، قاری ندیم عباسی، نیاز احمد، صالح محمد، وحید اشرف، چوہدری عارف، سردار طالب شبیر، قاری اصغر سرور، سردار اخلاق، سید عمیر بخاری، آصف قریشی، قمر ریاض، سردار تنویر، سردار الطاف شامل تھے۔ دیگر اہم شرکاء میں مشیر حکومت سردار احمد صغیر، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید، سابق پولیٹیکل سیکرٹری سردار شبریز صابر، سابق سٹاف آفیسر سردار صدام نسیم، میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر الزمان، ترجمان مشعل یونس، سردار وسیم رشید، سردار عمران یاسین، سوشل میڈیا فوکل پرسن سید ارشد گردیزی، سابق ڈی پی او پونچھ سردار طاہر سلطان، سابق ڈیوٹی افسر سید انعام گیلانی، سردار عظمان فدا، عطا الرحمن عباسی، جویریہ ظفر، فرحت ناصر، ارشاد بیگ، سردار عاصم حمید، سردار فاران انور، سردار جواد سید حسین و دیگر کارکنان شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں