عوامی ایکشن کمیٹی کی لانگ مارچ روکنے کیلئے پنجاب کانسٹیبلری کے 600 اہلکار آزاد کشمیر بھیجنے کی منظوری

61

اسلام آباد(خبر نگار)حکومت پاکستان کی ہدایت پر پنجاب کانسٹیبلری کے 600 اہلکار 11 مئی کو تاجر ایکشن کمیٹی کی لانگ مارچ روکنے کیلئے ایک ماہ کیلئے آزاد کشمیر میں تعینات کرنے کی منظوری،پنجاب کی وزارت داخلہ نے ائی جی پنجاب کو فوری طور پر 6 پلاٹون آزاد کشمیر بھیجنے کی ہدایت کردی ،

وزارت داخلہ پنجاب کی طرف سے آئی جی پنجاب کو لکھے گئے خط میں واضع کیا گیا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت کی بھجی گئی درخواست کے مطابق آزادکشمیر میں سیاسی عناصر کی طرف سے امن وامان کا مسئلہ پیدا کئے جانے کا خطرہ ہے

جس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت کی ہدایت پر نفری فوری طور پر آزاد کشمیر بھیجی جائے جس کے خرچ اخراجات آزاد کشمیر حکومت کے زمہ ہونگے،یاد رہے کہ دو روز قبل آزاد کشمیر کے سینئر وزیر کرنل وقار نور نے فرنٹیئر کانسٹیبلری منگوانے کی تصدیق کرتے ہوئے واضع کیا تھا کہ ایسا چینی باشندوں کی سیکورٹی کیلئے کیا جا رہا ہے ۔


وقار نور کے مطابق پاکستان سے فورس منگوانے کو 11 مئی کی عوامی ایکشن کمیٹیوں کی لانگ سے جوڑنا غلط ہو گا۔اب پنجاب حکومت کی طرف سے آئی جی کو جاری کئے گئے ہدایت نامے نے وقار نور کے موقف کی نفی کرتے ہوئے واضع کیا ہے کہ 600 افراد پر مشتمل فورس آزاد کشمیر میں سیاسی عناصر کی طرف سے ممکنہ طور پر امن امان بحال رکھنے کیلئے بھیجی جارہی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ آزاد کشمیر حکومت نے 28 اپریل کو ایک خط کے زریعے حکومت پاکستان سے چینی باشندوں کی سیکورٹی کیلئے 6پلاٹون فورس 3 ماہ کیلئے مانگی تھی جواب میں حکومت پاکستان کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے 3 ماہ کے بجائے ایک ماہ کیلئے 600 اہلکار بھجنے کی منظوری دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں