مسلم کانفرنس بحالی کی جانب گامزن، مقبولیت میں نمایاں اضافہ.ایک ماہ میں تیسری بڑی سیاسی شمولیت

109

کوٹلی (سٹیٹ ویوز) مسلم کانفرنس بحالی کی جانب گامزن، مقبولیت میں نمایاں اضافہ.ایک ماہ میں تیسری بڑی سیاسی شمولیت. کوٹلی سٹی سے سابق امیدوار اسمبلی ملک رضوان ایڈووکیٹ ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس میں دوبارہ فعال .

آزاد کشمیر کی اولین سیاسی جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ایک بار پھر سیاسی منظرنامے پر متحرک ۔ پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ اور تنظیمی بحالی کے عمل کے تحت گزشتہ ایک ماہ کے دوران تیسری بڑی سیاسی شمولیت سامنے آئی ہے۔

نوجوان سیاسی رہنما اور حلقہ کوٹلی سٹی سے سابق امیدوار اسمبلی ملک رضوان ایڈووکیٹ اپنے ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے پارٹی قیادت، بالخصوص سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ملک رضوان کی شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب میں سردار عتیق احمد خان نے انہیں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلم کانفرنس میں دوبارہ متحرک ہونے پر خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما میجر سردار نصراللہ خان، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان، سابق مشیر ملک کرامت، راجہ صغیر خان ایڈووکیٹ، سابق ممبر کشمیر کونسل سید غلام رضا نقوی ایڈووکیٹ، سید اظہر علی شاہ صدر ضلع راولاکوٹ،راجہ یاسین قیصر ایڈووکیٹ، راجہ ساجد خان، سردار ممتاز خان، پہلوان ذوالفقار جنجوعہ، خان لیاقت خان، سردار اجمل نکیالوی، آصف قادری اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان کہا کہ مسلم کانفرنس عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور آنے والے انتخابات کے لیے بھرپور اور منظم تیاری جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان قیادت کی شمولیت اور متحرک ہونے سے مسلم کانفرنس اپنے بنیادی مقصد تحریک آزادی کشمیر، پاکستان کے ساتھ یکجہتی، ریاست جموں وکشمیر کی وحدت وتشخص اور کشمیر کے محاذ پر دفاع پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر و مہاجرین مقیم پاکستان کے مسائل کے حل کے لئے اس صورت حال سے بھرپور استفادہ کرے گی۔

مسلم کانفرنس آمدہ انتخابات میں ہر اللہ کے کرم سے ہر حلقہ انتخاب سے اپنا امیدوار کھڑا کرے گی اور وقت ثابت کرے گا کہ آج بھی ریاست کے عوام کی غالب ترین اکثریت نظریہ الحاق پاکستان اور کشمیر بنے گا پاکستان کی فکر پر عمل کرنے والی جماعت مسلم کانفرنس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نتائج اور ہار جیت کا اختیار اللہ کے پاس ہے لیکن ہم ساتھیوں کے تعاون سے بھرپور اور منظم طریقے سے انتخابی عمل میں شریک ہوں گے۔ مسلم کانفرنس کی کامیابی کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کی تقویت ہے۔

رئیس الاحرار قائدملت چوہدری غلام عباس اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے مشن کی تکمیل کی جانب پیش رفت ہے۔ مسلم کانفرنس درحقیقت بذات خود ریاست جموں وکشمیر ہے اور یہ جماعت اور ریاست ایک ہی تصویر کے دو رخ ہیں۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورہ آزاد کشمیر کے دوران کی جانے والی گفتگو نے تحریک آزادی میں شامل نظریاتی قوتوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

فیلڈ مارشل کی نظریاتی اور قوت ایمانی سے بھرپور گفتگو نے ایک بار پھر تحریک آزادی کو نئی جلا بخشی ہے۔ طویل عرصے کے بعد پاکستان کو ایسی عسکری قیادت دستیاب ہوئی ہے جس کی گفتگو کا آغاز قائداعظم، علامہ اقبال اور دوقومی نظریے سے شروع ہوتا ہے اور قائداعظم کی فکر اور علامہ اقبال کی تصورات پر ختم ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ایک ماہ کے دوران حلقہ نیلم سے معروف سیاسی رہنما عابد بٹ اور پونچھ راولاکوٹ سے سابق امیدوار اسمبلی ڈاکٹر عرفان بھی مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں، جس سے پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئی ہے۔

شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک رضوان نے کہا کہ انہوں نے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا فیصلہ سردار عتیق احمد خان کی اصولی سیاست، تجربہ کار قیادت اور آزاد کشمیر کے مفادات کے لیے جدوجہد کو دیکھتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے وژن کو نچلی سطح تک پہنچانے اور عوامی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں