ملک میں نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ کون کون پارٹی میں شامل ہوئے رپورٹ پڑھیں

132

لاہور (سٹیٹ ویوز۔ بیورورپورٹ) جہانگیر ترین نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کا باضابطہ اعلان کیا۔ اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کی کور کمیٹی کے اراکین سابق وزیراعظم آزادکشمیر و سردار تنویر الیاس خان ، عمران اسماعیل، علی زیدی، فواد چوہدری، عامرکیانی و دیگر اہم رہنماء موجود تھے۔

جہانگیر ترین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج ہم ایک نئی پارٹی ’استحکام پاکستان پارٹی‘ بنا رہے ہیں، سیاست میں آنے کا میرا ایک ہی مقصد رہا ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، میں روایتی سیاستدان نہیں، میں سیاست میں لیٹ آیا، ہم نے تحریک انصاف کو ایک مضبوط سیاسی قوت بنانے میں دن رات محنت کی،

2013 کے الیکشن اور بعد ہم نے پارٹی میں ایک جوش و جذبہ پیدا کیا، آنے والے دنوں میں حقائق سامنے آجائیں گے کہ پارٹی کو مضبوط بنانے میں کیا کچھ کیا، پاکستان میں اصلاحات لانا ہمارا بنیادی منشور تھا، بد قسمتی سے ایسا نہیں ہوسکا جس سے بد دلی پھیلنے لگی۔

جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر دیا ہے، 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو انجام تک نہ پہنچایا تو پھر سیاسی مخالفین کےگھروں پر حملے بھی جائز سمجھےجائیں گے، کوئی بھی معاشرہ اس بات کی اجازت نہیں دے سکتا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ عوام کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں، ہم مل کر ملک کو اس دلدل سے نکالنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو ایسی سیاسی قیادت کی ضرورت ہے جو مل کر ملک کو آگے بڑھائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام لوگ چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کے راستے پر چلے، ہماری سیاست کو ایک نئی سمت کی ضرورت ہے، ہمارا جمہوری نظام اسی صورت میں مضبوط ہوسکتا ہے جب حکومت اور اپوزیشن اپنی آئینی ذمے داریوں کو سمجھے اور عمل پیرا ہو، آنے والے دنوں میں ہماری جماعت میں مزید لوگ شامل ہوں گے، آنے والے دنوں میں اپنا اصلاحاتی ایجنڈا منظر عام پر لائیں گے، آنے والے الیکشن میں ہم بہتر سے بہترین نتائج دیں گے۔

قبل ازیں علیم خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آج پاکستان جس صورتحال سے گزر رہا ہے اس سے تمام پاکستانی پریشان ہیں، ملکی حالات سے فکر مند تھے، ہم نے ایک الگ پارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا، اپنے بڑے بھائی جہانگیر خان ترین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے ہم سب کو اکھٹا کیا، ہم نے پچھلے 11، 12 سال ایک ہی پلیٹ فارم پر لگائے ہیں، ہم سمجھتے ہیں پاکستان کے مسائل کا حل پاکستان کو مستحکم بنانے میں ہے۔

علیم خان نے کہا کہ انتشار پاکستان کو کھوکھلا کررہا ہے، ہم نے اس انتشار کو ختم کرنا ہے، ہم نے ایسا مستحکم پاکستان بنانا ہے جس میں پارلیمان، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ ایک پیج پر ہوں۔

لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس پریس کانفرنس سے قبل پارٹی کےکور گروپ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیرترین اورعبدالعیم خان نے کی۔

استحکام پاکستان پارٹی میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر و سردار تنویر الیاس خان ، عمران اسماعیل، علی زیدی، فواد چوہدری، عامرکیانی، محمودمولوی، جے پرکاش، مرادراس اور فردوس عاشق اعوان کاحصہ ہوں گے۔

سابق ایم پی ایز ظہیرالدین علیزئی، جاوید انصاری، طارق عبداللہ ، فیاض چوہان، نعمان لنگڑیال، نوریز شکور، رفاقت علی گیلانی اور ممتاز مہروی بھی جماعت میں شامل ہیں جب کہ فاٹاسے جی جی جمال اور کے پی سے اجمل وزیر بھی پارٹی کا حصہ ہیں۔ مہر ارشاد کاٹھیا، عثمان اشرف ،جلیل شرقپوری، خرم روکھڑی اور دیوان عظمت بھی جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں