راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاہے کہ گورنر ہاؤس میں عوامی راج ہوگا، ہر ایک کے لیے دروازے کھلے ہوئے ہیں ، ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ہر ممکن کوشش ہوگی کہ عوامی مسائل میں کمی واقع ہو، شکایات کو سن کر انکو حل کروایاجائے ،محرومیوں کا ازالہ کرینگے ۔وہ گذشتہ روز راولپنڈی میں پنجاب ہاؤس (گورنر انیکسی) میں صحافیوں کے علاوہ دیگر عمائدین ، پارٹی راہنماﺅں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے .
نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے محب وطن صحافتی اتحاد پاکستان کے سردار چنگیز خان جدون، مرکزی سیکرٹری جنرل قاضی صباح الدین، آر آئی یوجے کے سینئر جوائنٹ سیکرٹر ی گلزار خان کی قیادت میں صحافیوں نے خصوصی ملاقات کی، اس موقع پر محکمہ ہیلتھ راولپنڈی سے صابر صدیقی، پی ایل ایف کے شاہد مغل ایڈوکیٹ ، فتح جنگ سے شمروز خان سنبل، ملک محمد شفیق ، ڈاکٹر ایوب، پی پی چار سے حاجی ملک ریاست علی سدریال، انجرہ سے سابق امیدوارقومی اسمبلی ملک اصغر علی خان، اٹک سے سابق امیدوار ملک خرم علی خان کی قیادت میں وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں.
پی پی راہنما مظہر حسین بابر، طارق محمود قادری، ظہیر خان کھٹر بھی ملاقاتوں میں موجود رہے ، نامزد گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صحافیوں کے بڑھتے ہوئے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ صحافتی برادری کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کرینگے میڈیا آذاد ہوگا تو ہمارے سامنے حقائق آئیں گے اور ہمیں بہتر فیصلے کرنے کے مواقع ملیںگے ، انھوں نے دیگر وفود کے ارکان کو یقین دلایاکہ گورنر ہاؤس کے دروازے صوبہ پنجاب کے ہر خاص و عام عوام کے لئے کھل گئے ہیں، پروٹوکول اپنی جگہ مگر عوام کو ملنے سے نہیں روکا جاسکتا، ہم بھٹوکے چاہنے والے ہیں ، عوام ہی ہماری قوت اور طاقت ہیں ، عوامی مسائل میں ہر ممکن کمی لائیں گے ۔