ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر کی جانب سے پاکستانی عوام سمیت آزاد کشمیر کے عوام کو معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارک باد

110

ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر کی جانب سے پاکستانی عوام سمیت آزاد کشمیر کے عوام کو معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارک باد پیش کی گئی ہے، جبکہ افواجِ پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔چیمبر کی صدر ڈاکٹر سدرہ آزاد، سینیئر نائب صدر ماریہ گیلانی، نائب صدر خضرہ منظور، اور ممبران گورننگ باڈی طیبہ بخاری، مہوش گل ، نادیہ حبیب، حلیمہ اختر، امبر قیوم، میمونہ بتول، ابریش فاطمہ و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن باب ہے، جس میں افواجِ پاکستان نے دشمن کو بروقت، مؤثر اور بھرپور جواب دے کر قومی دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی نے نہ صرف پاکستان کے دفاعی وقار کو عالمی سطح پر مضبوط کیا بلکہ پوری قوم کے اعتماد، اتحاد اور حوصلے کو نئی توانائی بخشی۔ پاکستانی عوام، بالخصوص آزاد کشمیر کے عوام، نے ہر مرحلے پر اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا، جو قومی وحدت کی روشن مثال ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت، مہم جوئی اور سازش کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، اور اگر مستقبل میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی کی گئی تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ مؤثر اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔

ویمن چیمبر کی قیادت نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیر کی ولولہ انگیز، مدبرانہ اور جراتمندانہ قیادت میں افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں، جس سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنا۔بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کی خواتین قومی سلامتی، سماجی استحکام اور معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر خواتین کی تعلیم، ہنر مندی، کاروباری تربیت اور معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گا تاکہ خواتین ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو جدید کاروباری مہارتوں، ادارہ جاتی معاونت اور معاشی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ خواتین کی معاشی شمولیت ہی ایک مضبوط، خود کفیل اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔آخر میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قومی اداروں، بالخصوص افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ایک مضبوط، مستحکم، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں