پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے نائب صدر اور سابق امیدوار اسمبلی سید زیشان حیدر کی قیادت میں وفد کی محمود خان اچکزئی سے اہم ملاقات

137

اسلام آباد:اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے نائب صدر اور سابق امیدوار اسمبلی سید زیشان حیدر کی قیادت میں ایک اہم وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد نے محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں آزاد کشمیر کے دورے کی باضابطہ دعوت دی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کر لیا۔

ملاقات کے دوران 8 فروری کے احتجاج، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئین کی بحالی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے جاری جدوجہد پر تفصیلی مشاورت اور تیاریوں پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے رہنما چوہدری رضوان ، راجہ نوید، مخدوم افتخار نقوی، انجینئر ممتاز نقوی، سردار شاہد، چوہدری غلام سرور، قیوم شیخ سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا کہ8 فروری کا احتجاج عمران خان کی رہائی، آئین کی بالادستی اور ملک میں بڑھتے ہوئے ظلم و فسطائیت کے خاتمے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک بھر میں عوام سڑکوں پر نکلیں گے، اسی طرح آزاد کشمیر کے عوام کو بھی بھرپور اور پرامن احتجاج کے ذریعے اپنی آواز بلند کرنی چاہیے اور جمہوری حق رائے دہی کے تحفظ کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے نائب صدر سید زیشان حیدر کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ”ذیشان حیدر جیسے نوجوان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو مشکل حالات میں بھی ڈٹ کر پارٹی اور جمہوریت کے لیے کام کر رہے ہیں۔ میں ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔“

انہوں نے سید زیشان حیدر کی جانب سے دی گئی آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے اور وہاں کے عوام سے براہِ راست ملاقات کریں گے۔

آخر میں سید زیشان حیدر نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر آئین، قانون کی حکمرانی اور عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور 8 فروری کے احتجاج کو تاریخی اور فیصلہ کن بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں