پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو کام سے روکنے کے لیے پاکستان کے سابق کپتان نے بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی اور آئی پی سی منسٹری و چیف الیکشن کمشنر کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔لیگل نوٹس میں چیف الیکشن کمشنر اور وفاقی وزارت سے استدعا کی گئی ہے کہ نجم سیٹھی کی سربراہی میں مینجمنٹ کمیٹی کو ہر طرح کی پاوور کے استعمال سمیت میٹنگز کرنے سے روکا جائے۔
نوٹس کے متن کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مینجمنٹ کمیٹی کو 19 جون تک کام کرنے کی مہلت دی تھی۔خیال رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کی اہم میٹنگ آج شام کو طلب کی گئی ہے جس کی صدارت نجم سیٹھی کریں گے۔
میٹنگ کا مین ایجنڈا پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کی تشکیل ہے۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ڈپارٹمنٹ کے 4 اور ریجنز کے 4 نمائندوں کی منظوری لی جائے گی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مینجمنٹ کمیٹی کو گورننگ بورڈ بنا کر الیکشن کروانے کا ٹاسک سونپا تھا۔مینجمنٹ کمیٹی میں نجم سیٹھی، شکیل شیخ، ہارون رشید، ایزد سید، تنویر پانے زئی اور گل زادہ کاکڑ شامل ہیں تاہم سابق کپتان شاہد آفریدی اور ثناء میر نے مینجمنٹ کمیٹی میں کام کرنے سے معذرت کر لی تھی۔
نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے آؤٹ
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان گزشتہ کئی روز سے تنازع چلا آ رہا تھا، (ن) لیگ چاہتی تھی کہ نجم سیٹھی کرکٹ بورڈ کے معاملات کو بہتر انداز سے چلا رہے ہیں اس لیے انہیں ہی برقرار رکھا جائے جب کہ پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا حق ہے، حکومت اگر نجم سیٹھی کو رکھنا چاہتی ہے تو انہیں کہیں اور لگا دیا جائے۔تاہم اب نجم سیٹھی نے خود کو کرکٹ بورڈ کی چیئرمین شپ کی دوڑ سے باہر کر لیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا، اس طرح کا عدم استحکام پی سی بی کے لیے بھی ٹھیک نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں اب میں چیئرمین شپ کا امیدوار نہیں ہوں۔
Salaam everyone! I don’t want to be a bone of contention between Asif Zardari and Shehbaz Sharif. Such instability and uncertainty is not good for PCB. Under the circumstances I am not a candidate for Chairmanship of PCB. Good luck to all stakeholders.
— Najam Sethi (@najamsethi) June 19, 2023