اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)چیف منسٹر پنجاب ٹوئن سٹی ویمنز بیس بال سیریز 18 مئی سے راولپنڈی اسلام آباد میں ہوگی جس میں جڑواں شہروں کی خواتین بیس بال ٹیمیں پانچ میچز کی باہمی سیریز کھیلیں گی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال (پی ایف بی) کے سیکرٹری جنرل طاہر محمود کے مطابق یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس (یس) ویلفیئر سوسائٹی (رجسٹرڈ) راولپنڈی کے زیراہتمام اور اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے چیف منسٹر پنجاب ٹوئن سٹی ویمنز بیس بال سیریز کے انعقاد سے پاکستان میں خواتین بیس بال کی نئی راہوں کا تعین ہوگا.
اس سیریز کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد دونوں ٹیموں کے باقاعدہ ٹریننگ کیمپ لگائے جائیں گے جبکہ انہی ٹریننگ کیمپس سے ویمنز نیشنل بیس بال چیمپین شپ کیلئے اسلام آباد اور دورہ ملائشیا کیلئے یس ٹیم کا انتخاب بھی کیا جائے گا اور ان تمام مراحل کی نگرانی پاکستان فیڈریشن بیس بال کرے گی۔ چیف منسٹر پنجاب ٹوئن سٹی ویمنز بیس بال سیریز اور دیگر ایونٹس کی ٹیکنیکل اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دینے کیلئے یس اور فیڈریشن کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس راولپنڈی میں ہوگا۔