راولپنڈی (راجہ ارشد محمود)گوجر خان اور جہلم کے علاقوں میں منگل کو تین مختلف حادثات میں چار افراد جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق منگل کی رات مندرہ ٹول پلازہ کے قریب لینڈ کروزر کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں دو کزن جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ حیدر علی اور 8 سالہ کاشان حیدر کے نام سے ہوئی ہے جو گوجر خان کے گاؤں گلیانہ کے رہائشی تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو گوجر خان منتقل کر دیا گیا جبکہ کار ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
دوسرے حادثے میں جہلم کے علاقے خورد میں موسلادھار بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق 10 سالہ بچی بختاور کے سر میں چوٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی.
جبکہ اس کی ماں 29 سالہ عمیرہ اور دو دن کا بچہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔ایک اور واقعہ میں تحصیل پنڈ دادن خان کے گاؤں سروہا میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔ ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق 58 سالہ تسلیم اختر لوہے کی سلاخ سے ٹکرائی جو لٹکی ہوئے بجلی کی تار کو سہارا دینے کے لیے نصب کی گئی تھی اور کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔