نسل نو کو شہداء کشمیر کی تاریخ سے روشناس کرایا جائے،چیئرپرسن کے زیڈ کے فاؤنڈیشن خدیجہ زرین خان

103

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز) چیئرپرسن کے زیڈ کے فاؤنڈیشن محترمہ خدیجہ زرین خان نے کہا ہے کہ نسل نو کو شہداء کشمیر کی تاریخ سے روشناس کرایا جائے۔ یوم شہدائے کشمیر اور یوم شہدائے جموں،یوم الحاق پاکستان،یوم تاسیس آزادکشمیر اور یوم پاکستان و جشن آزادی سمیت تمام قومی و ریاستی ایام منانے کامقصد چھٹی نہیں بلکہ قوم خصوصا نئی نسل کو اس دن کے حوالے سے آگاہی دینا ہوتی ہے۔

حکومت،تعلیمی ادارے اور معاشرے کے قابل شخصیات اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کااظہارمحترمہ نے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محترمہ نے کہا کہ 13جولائی1931کو جن 22کشمیریوں نے سری نگر جیل کے سامنے اذان کی تکمیل میں جانیں پیش کیں اس کی مثال تاریخ اسلام میں نہیں ہے۔

کشمیریوں کا یہ جذبہ ہی تھا کہ جس نے دو قومی نظریہ کو مزیدمضبوط کیا۔قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال نے بھانپ لیا تھا کہ ہم ہندؤں کے ساتھ اکھٹے نہیں چل سکتے ہماری دینی روایات، اقدار،اطوار اور رسومات الگ ہیں۔ڈوگرہ مظالم کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد تاریخ ساز ہے جنہوں نے کھالیں کھینچوا لیں مگر اسے تسلیم نہیں کیا۔ آزادی نعمت ہے ہم نے حاصل کر لی ہے مگر پورے ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور اس کے الحاق پاکستان تک ہم سب کو جدوجہد کرنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں