یومِ یکجہتی کشمیر: ہوائی گراؤنڈ کوٹلی میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے شاندار کلچرل تقریب،کشمیری ثقافت، ملی نغمے، گتکہ، ٹیبلو اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر، شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت

130

کوٹلی (سٹیٹ ویوز)یومِ اظہارِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر دوسری بڑی اور شاندار کلچرل تقریب پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے ہوائی گراؤنڈ کوٹلی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں بریگیڈ کمانڈر کوٹلی، ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک، سابق وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، ڈپٹی کمشنر کوٹلی راجہ عمران شاہین، ایس پی کوٹلی عدیل احمد لنگڑیال، ایس ای محمد حفیظ بٹ، صدر بار سردار آفتاب انجم، سابق صدر بار چوہدری عبدالرزاق، صدر ایوانِ صحافت شاہنواز بٹ، حریت رہنما محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ، چیئرمین ن لیگ یوتھ آزاد کشمیر فاتح محمود کیانی، تحصیل صدر اپیکا جاوید قریشی، ضلعی افسران، طلبہ، خواتین اور خاندانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک قاری محمد اظہر رفیق نے کیا جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ حافظ عبدالقدوس نے پیش کی۔

اس کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے شرکاء اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔تقریب میں کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے قدیم کھیل گتکہ کا عملی مظاہرہ کیا گیا، کشمیری ترانہ پیش کیا گیا جبکہ ملی نغموں، ثقافتی رقص اور مختلف ٹیبلوز نے حاضرین کے دل موہ لیے۔ گلوکاروں نے ملی اور کشمیری گیت پیش کیے، نادر عباس اور ان کے ساتھیوں نے کشمیری زبان میں گیت گا کر کشمیری عوام سے محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔اے پی ایس سکول کوٹلی کے طلبہ نے ایک متاثرکن ٹیبلو پیش کیا جبکہ نیلم ویلی اور آزاد کشمیر کے دیگر خوبصورت مقامات کے قدرتی مناظر کو فلور گزر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔

معروف گلوکارہ بانو رحمت نے کشمیری ثقافت پر مبنی نغمہ “کشمیری ساڈا دیس کشمیر” پیش کر کے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔تقریب کے دوران امن اور آزادی کی علامت کے طور پر سفید پرندوں کو آزاد کیا گیا اور مختلف ثقافتی و معلوماتی سٹالز کا معائنہ بھی کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر اور کوٹلی کی تاریخی اہمیت مسلمہ ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پاکستان کبھی بھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اتحاد، اتفاق اور سوشل میڈیا پر مثبت و ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر فٹبال مقابلوں کی ونر اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں اور یومِ یکجہتی کشمیر کے عزم کو ایک بار پھر تازہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں