کوٹلہ : ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی کے دفتر پر حملہ ، علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی

96

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)حلقہ کوٹلہ میں قانون کی عملداری پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جہاں ایک مبینہ بااثر گروہ کی جانب سے سرکاری افسران کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ تازہ واقعہ میں ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی کے دفتر پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں واقع ناظم اعلیٰ جنگلات کے دفتر میں چند افراد لکڑی کی منظوری کے سلسلے میں داخل ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق معاملہ اس وقت بگڑ گیا جب مذکورہ افراد نے مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کے برعکس فوری منظوری کا مطالبہ کیا۔ انکار یا تاخیر پر مشتعل ہو کر افراد نے دفتر میں موجود عملے اور ناظم اعلیٰ جنگلات پر جسمانی حملہ کر دیا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

ذرائع کے مطابق دفتر میں موجود دیگر افسران اور اہلکاروں نے بروقت مداخلت کر کے ناظم اعلیٰ جنگلات کو حملہ آوروں سے بچایا، تاہم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی نے تھانہ مظفرآباد کے ایس ایچ او کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے، جس میں کارِ سرکار میں مداخلت، سرکاری افسر پر حملہ اور جان سے مارنے کی کوشش جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ یہی مبینہ گروہ اس سے قبل تحصیل ہسپتال پٹہکہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) پر بھی حملہ آور ہو چکا ہے، جس سے علاقے میں اس گروہ کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عملداری پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔

مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو ایسے واقعات نہ صرف سرکاری اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں گے بلکہ عوام میں عدم تحفظ کا احساس بھی مزید گہرا ہو سکتا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں