جموں کشمیر لبریشن لیگ بھرپور انداز میں آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات میں حصہ لے گی۔جموں کشمیر لبریشن لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل خلیق الرحمن سیفی ایڈووکیٹ نے میڈیا کو جاری پریس ریلیز میں کہا ہے کہ جموں کشمیر لبریشن لیگ قانون ساز اسمبلی کے آمدہ انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لے گی۔ اور تمام حلقہ جات سے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔
انہوں نے کہا کہ لبریشن لیگ اپنے منشور اور مقاصد کے تحت آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کو ریاست کی نمائندہ اسمبلی اور آزاد حکومت کو پوری ریاست کی نمائندہ حکومت تسلیم کروانے کے مشن پر کاربند رہتے ہوئے ریاست کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کیلئے اپنا عملی کردار ادا کرنے کا عزم لے کر میدان میں نکلی ہے۔
انہوں نے ریاست کے باشعور اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو دعوت دی ہے کہ وہ سیاست میں عملی کردار ادا کرنے کیلئے لبریشن لیگ کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیں۔ لبریشن لیگ نوجوانوں کو بھرپور نمائندگی دینے کی خواہاں ہے اور درحقیقت نوجوان ہی نظام سیاست میں جدت لانے اور حقیقی معنوں میں عملی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔