چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے ریاست میں الیکشن کے حوالے سے واضح موقف دے دیا

37

مظفرآباد(سٹیٹ‌ویوز) چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات ان شاء اللہ جولائی کے مہینے میں منعقد ہوں گے، جبکہ پولنگ جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔وہ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کے التواء سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں اور الیکشن کمیشن مکمل تیاری کے ساتھ بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ انتخابی فہرستیں 30 اپریل کو آویزاں کر دی جائیں گی۔ مزید برآں الیکشن شیڈول مئی کے وسط میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے ان کی تجاویز بھی حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے بعض غیر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو بھی بطور مبصر شامل کیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی گہری نظر ہوتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انتخابی عمل کو ہر صورت شفاف اور منصفانہ بنایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن شیڈول کے فوراً بعد سیکیورٹی کے معاملات کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد سب کی ذمہ داری ہے.

جبکہ تیرہویں آئینی ترمیم اور صدارتی انتخاب سے متعلق معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ان فیصلوں پر عمل کرنا الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کی ذمہ داری ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منفی پروپیگنڈے سے اجتناب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کا موجودہ نظام ہمارے بزرگوں کی طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے، لہٰذا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی قدر اور اہمیت کو سمجھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں