امریکی حکومت اور بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی اقدامات کی کامیابی کے حوالے سے ایک کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں اہم شراکت داروں کے علاوہ امریکی قونصل جنرل شانتے مور اور یو ایس اے آئی ڈی کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوموونگسری نے بھی شرکت کی۔ یو ایس اے آئی ڈی، خیبر پختونخوا کی ترقی کے لیے اپنے عزم کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ مشن ڈائریکٹر سوم وونگسری نے خیبر پختونخوا کی حکومت اور بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے اشتراک سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔
مشن ڈائریکٹر سوم وونگسری نے کانفرنس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہا، “یو ایس اے آئی ڈی خیبر پختونخوا کی عوام کی بہتری کے لیے کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔صوبے میں بین الاقوامی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر، ہم ایک روشن مستقبل کے حصول کے لیے شانہ بشانہ کام کرنےکے لیے کوشاں ہیں ۔
امریکہ نے یو ایس اے آئی ڈی کے ذریعے صوبے میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو فروغ دیا، جس سے صوبے کی توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔ گومل زم ڈیم اور گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جیسے قابل ذکر منصوبوں کے علاوہ تربیلا ڈیم کی توانائی پیداوار میں بہتری سے نیشنل گرڈ میں 253 میگاواٹ کا اضافہ ہوا جو توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔صحت اور تعلیم کے شعبے میں یو ایس اے آئی ڈی کے تعاون سے 200 سے زیادہ ہسپتالوں کی بہتری اور بحالی کے لیے کام کیا گیاجس سے 20 لاکھ سے زیادہ لوگ مستفید ہوئے ہیں- یو ایس اے آئی ڈی کے تعاون سے صوبے بھر میں 6 لاکھ سے زیادہ بچوں کے لیے تین ملین سے زیادہ کتابیں فراہم کرنے کے علاوہ 8,500 سے زیادہ یونیورسٹیوں کے طلباء کو وظائف سے نوازا۔
یو ایس اے آئی ڈی نے 130,000 سے زائد خواتین کو اپنے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں سہولت فراہم کی جس سے ووٹر لسٹوں اور حکومتی اعانت کے پروگراموں میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا۔ مزید برآں، صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔یو ایس اے آئی ڈی کی ان کوششوں نے نہ صرف صوبے بھر میں بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنایا ہے بلکہ خیبر پختونخوا میں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بھی مضبوط کر دی ہے۔