غزالہ ولایت نے جامعہ پونچھ سے ایم فل اسلامیات کا کامیابی سے دفاع مکمل کر لیا،طالبہ کی کامیابی پر عوام علاقہ میں خؤشی کی لہر دوڑ گئی

86

ارجہ(نمائندہ خصوصی)ارجہ چوڑ کے لیے ایک بڑا اعزاز،ارجہ چوڑ کی ہونہار طالبہ محترمہ غزالہ ولایت نے جامعہ پونچھ سے ایم فل اسلامیات کا کامیابی سے دفاع مکمل کر لیا۔ اس نمایاں اور شاندار علمی کامیابی پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔غزالہ ولایت کا تعلق ارجہ چوڑ کے ایک معزز علمی گھرانے سے ہے۔ وہ معروف سینئر مدرس، ریٹائرڈ راجہ ولایت خان مرحوم کی صاحبزادی ہیں۔انہوں نے اپنی انتھک محنت، لگن اور عزم کے ذریعے یہ اہم سنگ میل عبور کیا.

جو نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان “قرآن مجید میں عورتوں کی نفسیات کے تناظر میں ان سے متعلق تخصیصی تعلیمات کا تحقیقی جائزہ” تھا، جسے علمی حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس مقالے کی نگرانی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن نے کی، جنہوں نے طالبہ کی تحقیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔سیاسی، سماجی اور تعلیمی شخصیات نے محترمہ غزالہ ولایت کی اس شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان نسل، بالخصوص طالبات کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا۔ ایسے باصلاحیت افراد قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جو اپنی محنت سے نہ صرف اپنا بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کرتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ غزالہ ولایت نے اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا خاص فضل و کرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر اللہ پاک کا شکر ادا کرتی ہیں اور اپنے خاوند، اہلِ خانہ، سپروائزر اور جامعہ کے اساتذہ و سٹاف کی بے لوث معاونت پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام افراد کی مسلسل حوصلہ افزائی اور تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اپنی علمی قابلیت کو معاشرے کی بہتری اور دینی و تحقیقی میدان میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے بروئے کار لائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں