ڈگریاں اور دیواریں

68

ازقلم: افشاں ظفر
دو کم سن بچے لڈو پر ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں۔ محلے کی چھت پر بیٹھی وہ BA پاس لڑکی پتنگ اڑانے والے بچوں پر چیخ رہی ہے۔ گلی میں کھڑا MBA پاس لڑکا ایک کم عمر بچے کو دھکا لگنے پر تھپڑ رسید کر رہا ہے۔ شہر کے سب سے بڑے سکول میں اعلیٰ تعلیم یافتہ دو استانیاں ایک کلاس لینے پر ایک دوسرے کو منہ چڑھا رہی ہیں۔ ہسپتال میں وہ MBBS ڈاکٹر مریض سے اکھڑ کر بات کر رہا ہے۔ PIA کے دفتر سے کرسیاں الٹنے پلٹنے کی آوازیں آ رہی ہیں۔ CSS پاس آؤٹ احمد اپنی کرسی پر بیٹھے رشوت کے پیسے گن رہے ہیں۔ ٹھیلے پر کھڑے عمر اور ارسلان کی تیکھی تیکھی تکرار جاری ہے۔ مسجد کے دو امام ایک دوسرے سے ہفتوں تیکھی بحث پر نالاں ہیں۔

شہر کی دو معزز خواتین ایک جیسا لباس پہننے پر شادی میں ایک دوسرے سے دور دور ہیں۔ گاؤں کی دو عورتیں بچوں کی لڑائی میں گھس کر ایک دوسرے کے بال نوچ رہی ہیں۔ FSc کے دو بچے کلاس روم میں ایک کرسی پر “یہ میری ہے” کی تکرار کر رہے ہیں۔ بینک میں بیٹھا وہ ذہین شخص خود پر چائے گرنے پر آگ بگولا ہے۔ استاد طالب علم سے ناراض ہے کہ اس کی عزت نہیں کی گئی اور بات نہیں سنی گئی۔ باپ اپنے بچوں کو بدتمیزی پر مار رہا ہے۔ محلے کا وہ ارشد دکاندار گاہک کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر باہر نکال رہا ہے۔ مالک مکان کرایہ لیٹ ہو جانے پر گھر کا سامان باہر پھینک رہا ہے۔

مشہور بزنس مین احمد لغاری بھکاری کے ٹکرانے پر غصے سے لال ہیں۔ ٹاپ یونیورسٹی سے انجینئرنگ کرنے والے احمد سڑک کے معیار پر کمی کر رہے ہیں تاکہ ٹھیکہ دوبارہ مل سکے۔
حافظ عبدالصمد مدرسے کے اپنے ہی طالب علموں کو چھیڑ رہے ہیں۔ گورنمنٹ گرلز کالج کی استانیاں نازیبا طور پر لڑکیوں کو چوٹی سے پکڑ کر کھینچتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ دو بزرگ زمین کے اس ٹکڑے پر آج عدالت کے باہر ایک دوسرے کا گریبان پکڑے ہوئے ہیں۔ کونسی ڈگری، کون سا علم، کون سی جگہ، کون سا ادارہ، کون سا عہدہ اور کونسی عمر جس میں ہم “میں” کو “ہم” میں بدل سکیں۔ سامنے آتا ہمارا بے لچک رویہ ,وہ انا ہے جسے ہم نے پالا، مگر کردار کو بھلا دیا۔ ہم نے کتابیں تو پڑھ لیں مگر انسان پڑھنا نہ سیکھا۔ ہم نے شور پایا ہے سکون نہیں، ہم نے مارنا پایا ہے سمجھنا نہیں، ہم نے نفرت پائی ہے محبت نہیں۔ عرض بس اتنی ہے کہ دانا بننے کی اس دوڑ میں ہم نے خود کو تو پا لیا مگر اپنی انسانیت کھو دی۔ افسوس کہ اس سارے سفر میں “انا” زندہ رہی اور “خودی” مر گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں