اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)وفاقی وزارت تعلیم کے سنیئر جوائنٹ سیکرٹری سیدجنید اخلاق نے کہاہے کہ تعلیم کیساتھ کھیل بچوں کی بہترین نشوونما اور انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار کرتے ہیں، کھیلوں سے بچوں کی خوداعتمادی اور قوت فیصلہ میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن، ایچ نائن اسلام آباد میں یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس (YES) ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ”یوم آزادی گرلز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2024ئ” کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں کالج کی طالبہ فاطمہ جعفر نے گولڈ، رابعہ نے سلور جبکہ شیزا ناصر اور سویرا خان نے برونز میڈلز اپنے نام کیے۔ ٹورنامنٹ میں مومنہ عباسی، مروہ عباسی، رضوانہ ، فاطمہ نور، حمیرااحمد، بی بی پروین، انیلہ احمد، مہوش، ازلہ، سدرہ ریاض اور حاجرہ نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس (YES) ویلفیئر سوسائٹی کے صدر زاہد اعوان کی جانب سے لیکچرر مشحف حسین اور سویرا خان کو بہترین آرگنائزر کے ایوارڈز بھی دئیے گئے۔
مہمان خصوصی سیدجنیداخلاق نے فیڈرل کالج آف ایجوکیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیعہ ڈوگر اور کالج کی ایلومنائی مسز منزہ تسنیم ہاشمی کے ہمراہ میڈلز، شیلڈیں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے جبکہ کالج انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ جشن آزادی کا خصوصی کیک کاٹا اور پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔ قبل ازیں کالج میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں مسز منزہ تسنیم ہاشمی نے ڈائریکٹر کالج ڈاکٹر سمیعہ ڈوگر کے ہمراہ سبز پلالی پرچم لہرایا۔