کوٹلی (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما بیرسٹر اسرار احمد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات میں حقائق کے برعکس نتائج جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی مشق ہے ۔لیکن اب عوام باشعور ہیں اور ماضی کے جھرلو ٹھپے کی سیاست موجودہ دور میں نہیں چل سکتی ۔
ہر محب وطن پاکستانی عمران خان کے ذریعے ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی امید رکھتا ہے ۔مختلف جماعتوں کی مکس اچار جیسی حکومت عوام کو بحرانوں سے نکالنے کی ہمت اور صلاحیت نہیں رکھتی ۔ان خیا لات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ عمران خان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے والا پہلا پاکستانی لیڈر ہے ۔
جو ذاتی مفادات کے بجائے عوام کی بات کرتا ہے ۔اب وقت ا رہا ہے کہ جلد عمران خان رہا ہو کر عوام کے درمیان ہوں گے ۔ملک اس وقت مہنگائی کی دلدل میں پھنس گیا ہے ۔موجودہ حکمرانوں کی ڈنگ پٹاؤ پالیسی پاکستان کو ہر فورم پر کمزور کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت 9 مئی کے واقعات ترتیب دے کر پی ٹی آئی کے سر تھونپے گئے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے ہر کارکن کو حب الوطنی کا درس دیا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے کارکنان متحد اور منظم ہیں انشاء اللہ جلد پاکستان اور آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومتیں قائم ہوں گی