مظفرآباد (سٹیٹ ویوز)مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نسیم میر نے کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 جولائی کا دن ظالموں کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
کشمیری شہداء کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے جنہیں 1931 کے دن ڈوگرہ مہاراجہ کی افواج نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھاکہا کہ یہ المناک واقعہ کشمیری عوام کے ایمان اور باطل کے سامنے بہادری کے ساتھ ڈٹ جانے کی ایک روشن مثال ہے۔ کشمیری عوام کی ظالموں کے خلاف ڈٹ جانے کی قابل رشک تاریخ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “22 کشمیریوں کی شہادت، جنہوں نے ایک کے بعد اذان پوری کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، عالمی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی”۔اس المناک واقعے کو حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جاری جدوجہد کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے نسیم میر نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کئی دہائیوں سے جاری جدوجہد اور کشمیری قوم کی قربانیاں رنگ لائے گی۔
ترجمان نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 13 جولائی کو اپنی مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر ہڑتال کریں اور دیرینہ تنازعہ کے جلد حل کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرائیں۔ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس حقیقت کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے کہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔