محمود احمد ساغر ن نےکشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اقوامِ متحدہ کو مداخلت کے لیے کہ دیا

63

جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام صدر محمود احمد ساغر نے عالمی برادری بالخصوص اقوامِ متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں محمود احمد ساغر نے کہا کہ بھارتی حکومت بے شرمی کیساتھ عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوقِ (UDHR) کی خلاف ورزی کر رہی ہے، جس کی اقوامِ متحدہ نے 1948 میں آج ہی کے دن منظوری دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مسلسل کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہے، اور جموں وکشمیر کی سر زمین وہ سب سے بدقسمت خطہ ہے جہاں لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے طویل المدتی تنازعہ کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ بھارت پر دبائو ڈالا جائے تاکہ وہ اپنے ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کو ختم اور علاقے میں استصواب رائے کے انعقاد کا راستہ ہموار کرے تاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کا استعمال کر سکیں.

جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کیا ہے۔محمود احمد ساغر نے بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل کریک ڈاون، تلاشی آپریشنز، کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل اور من مانی حراستوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بدترین صورتحال کا نوٹس لیں۔

بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیری عوام کے سیاسی اور انسانی حقوق پر بلا روک ٹوک جبر کا ذکر کرتے ہوئے محمود احمدساغر نے کہا کہ یہ ظلم و ستم کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کیلئے کیا جا رہا ہے، لیکن آزادی کی تحریکیں کبھی اس قسم کے ظلم و ستم سے دب نہیں جاتیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں